بھارتی ریاست اترپردیش میں سکھ مسلم فسادات، 2 افراد ہلاک اور 20 زخمی

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 جولائی 2014
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور جلاؤ گھیراؤ شروع ہوگیا  جبکہ علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔  فوٹو: انڈین ایکسپریس

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور جلاؤ گھیراؤ شروع ہوگیا جبکہ علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ فوٹو: انڈین ایکسپریس

لکھنؤ: بھارتی ریاست اتر پردیش میں زمین کے تنازع پر مسلمانوں اور سکھوں کے درمیان فسادات کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور جلاؤ گھیراؤ میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں کرفیو لگادیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مسلمانوں اور سکھوں کے درمیان کتب شہر میں  مذہبی مقام کی تعمیر کے حوالے سے زمین کے معاملے پر کئی سالوں سے تنازع چل رہا تھا لیکن آج صورتحال اس وقت خراب ہوئی جب طرفین میں سے ایک نے تعمیراتی کام شروع کردیا جس پر دوسری مذہبی برادری کے افراد مشتعل ہوگئے اور بات  فسادات تک پہنچ گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور جلاؤ گھیراؤ شروع ہوگیا تاہم پولیس نے مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لئے ربڑ کی گولیاں برسائیں لیکن زمین کے جھگڑے کے بعد مذہبی فسادات کی صورت اختیار کر جانے والے واقعے نے پولیس اہلکاروں سمیت کئی افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور جلاؤ گھیراؤ میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد املاک کو بھی نقصان پہنچا جس کے بعد علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔