چیف سیکریٹری سندھ نے کراچی انتظامیہ کو برساتی نالوں کی صفائی کیلئے 15 دن کا الٹی میٹم دے دیا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 27 جولائی 2014
چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ برساتی نالے کامعائنہ کررہے ہیں،رؤف اختر فاروقی ،مصطفی جمال قاضی و دیگر موجود ہیں ۔  فوٹو : ایکسپریس

چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ برساتی نالے کامعائنہ کررہے ہیں،رؤف اختر فاروقی ،مصطفی جمال قاضی و دیگر موجود ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی: چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ نے ہفتہ کو3گھنٹے تک شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا،کچرے اور گندگی کی وجہ سے قدرتی و برساتی نالوں کی بندش پر سخت برہمی کا اظہارکیا ۔

انھوں نے کراچی کی انتظامیہ اورمقامی حکومتوں کے افسران کو ہدایت کی کہ نالوں کی فوری طور پرصفائی کرائی جائے،ورنہ مون سون کی بارشوں میں بہت نقصان ہوسکتا ہے،چیف سیکریٹری نے سلطان آباد ،مچھر کالونی،ماڑی پور اورنہرخیام سمیت دیگر نالوں کا دورہ کیا،اس موقع پر ایڈمنسٹریٹرکراچی میونسپل کارپوریشن رؤف اختر صدیقی ،ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی کراچی مصطفی جمال قاضی، ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسرور عالم ،چیف انجینئر واٹر بورڈ عارف احمد، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز احمد سومرو ، ایڈمنسٹریٹر جنوبی افضل زیدی ، میونسپل کمشنر محمد رئیسی،بلدیاتی اداروں اورواٹر بورڈ کے دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے،چیف سیکریٹری نے نالوں کی ابتر صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ۔

نالے کچرے کے ڈھیر اورگندگی سے بھرے ہوئے تھے،بعض جگہوں پر قدرتی اور برساتی نالے مکمل طور پر بند تھے، لوگوں نے آبادیاں قائم کرلی تھیں ، چیف سیکریٹری نے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہارکیا اورکہا کہ اس صورت حال میں مون سون کی بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی کا راستہ نہیں ہوگا اور اس سے بہت زیادہ نقصان ہو سکتا ہے، انھوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ موثر رابطوں کے ذریعے صورت حال کو بہتر بنائیں اوربارشوں سے پہلے نالوں کی صفائی کو یقینی بنائیں۔

انھوں نے افسران سے کہا کہ وہ اپنا قبلہ درست کریں، اتنے بڑے شہر کے اہم معاملات کو اس طرح نظر انداز نہیں کیا جاتا ہے،چیف سیکریٹری سندھ نے 3 گھنٹے تک مسلسل مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی ، ستھرائی کی صورت حال کا جائزہ لیا، پہلی مرتبہ انتظامی افسران نے چیف سیکریٹری سندھ کو شہر کی اصل صورت حال سے آگاہ کیا ،چیف سیکریٹری اس وقت حیران رہ گئے جب سلطان آباد کے علاقے سے ہوتے ہوئے مچھر کالونی اور ماڑی پور پہنچے تو جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر سڑکوں پر نظر آئے، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ برساتی نالوں کی صورت حال خراب ہے، زیادہ بارشیں ہوئیں تو مسائل پیدا ہوسکتے ہیں حکومت نے اس کا نوٹس لیا ہے۔

بلدیاتی اداروں کو 15 دن کا وقت دیا جاتا ہے جس کے بعد وہ پھر شہر کا دورہ کریں گے ،تسلی بخش کام نہ ہوا تو متعلقہ افسر کیخلاف کارروائی ہوگی، برساتی نالوں کی صفائی پر کئی ماہ سے کام جاری ہے مگر اس پر خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے ،حکومت نے اس کا نوٹس لیا ہے اورمتعلقہ اداروںکو تنبیہ کی ہے کہ بلدیاتی ادارے کے ایم سی ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور ڈپٹی کمشنرز سمیت تمام ادارے نالوںکی صفائی کے لیے مشترکہ کوشش کریں جو بھی وسائل موجود ہیں ان کو استعمال میں لاتے ہوئے اس کام کو دوسرے کاموں پر ترجیح دیں، کچرا اٹھانا مقامی حکومت کی ذمے داری ہے اور ان ہی کی رہے گی ،ان کو جو بھی وسائل درکار ہوں گے حکومت مہیا کرے گی۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔