کامن ویلتھ گیمز، کینیڈا کی’’کوئن‘‘ کا سونے کے ذخائر پر قبضہ

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  اتوار 27 جولائی 2014
ردھمک جمناسٹک میں پیٹریشیا کے کلبز، بال اور ہوپ ایونٹس میں بھی برتری ثابت کرتے ہوئے5گولڈ میڈلز   فوٹو : اے ایف پی

ردھمک جمناسٹک میں پیٹریشیا کے کلبز، بال اور ہوپ ایونٹس میں بھی برتری ثابت کرتے ہوئے5گولڈ میڈلز فوٹو : اے ایف پی

گلاسگو: کینیڈا کی پیٹریشیا بیزو بینکو کامن ویلتھ گیمز کی ’’کوئن‘‘ بن گئیں۔

انھوں نے سونے کے ذخائر پر قبضہ جماتے ہوئے گذشتہ روز ردھمک جمناسٹک کے کلبز، بال اور ہوپ ایونٹس میں بھی برتری ثابت کی، پیٹریشیا نے5گولڈ میڈلز اپنے نام کیے، ربن مقابلے میں چھٹا تمغہ ہاتھ میں آتے آتے رہ گیا۔ اولمپکس سوئمنگ میں ناکامیوں کے بعد اسکینڈلز اور تنازعات کی زد میں آنے والے آسٹریلیا نے گلاسگو میں 4گولڈ میڈلز کے ساتھ اعتماد کی بحالی کا سفر شروع کردیا۔انگلینڈ کے میک گاؤلٹ نے 60برس کی عمر میں بھی شوٹنگ برانز میڈل جیتنے کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔ براؤنلی برادرز الیسٹیئر اور جوناتھن برادرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے ٹیم ٹرائتھلون میں گولڈ میڈلز کا کلین سوئپ مکمل کرلیا۔ پاکستانی لان باؤلز ٹیم کا سفر بغیر کسی فتح کے ختم ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈا کی پیٹریشیا بیزو بینکو ردھمک جمناسٹک میں اپنے میڈلز کی تعداد 5کرتے ہوئے کامن ویلتھ گیمز کی ملکہ کہلوانے کی حقدار بن گئیں، اس سے قبل ٹیم اور آل راؤنڈ ایونٹس میں طلائی تمغوں کے ساتھ کامیابیوں کا سفر شروع کرنے والی اُبھرتی ہوئی اسٹار نے تیسرے روز بھی 3 مقابلوں میں اپنی برتری ثابت کردی،انھوں نے کلب، بال اور ہوپ ایونٹس میں گولڈ میڈلز حاصل کیے،ردھمک جمناسٹک میں ان کے ہاتھوں سے پھسلنے والا واحد طلائی تمغہ ربن ایونٹ کا تھا،اس مقابلے میں ٹائٹل فرانسسکا جونز کے ہاتھ رہا جنھوں نے ویلز کیلیے گیمز کا پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا۔

آسٹریلیا کے ڈینیل ریپا کولی 10میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں سرفہرست رہے،منفرد اعزاز انگلینڈ کے میک گاؤلٹ کے نام ہوا جنھوں نے 60برس کی عمر میں برانز میڈل حاصل کیا۔براؤنلی برادرز الیسٹیئر اور جوناتھن برادرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے ٹیم ٹرائتھلون میں گولڈ میڈلز کا کلین سوئپ مکمل کرلیا۔اولمپکس سوئمنگ میں ناکامیوں کے بعد اسکینڈلز اور تنازعات کی زد میں آنے والے آسٹریلیا نے کامن ویلتھ گیمز میں 4گولڈ میڈلز کے ساتھ اعتماد کی بحالی کا سفر شروع کردیا۔مینز 4×100میٹر میں پہلی پوزیشن کینگروز کے نام ہوئی،جنوبی افریقہ دوسرے، انگلینڈ تیسرے نمبر پر رہا،لیسٹن پکٹ نے 50 میٹر بریسٹ اسٹروک میں برتری ثابت کردی جبکہ 200میٹر فری اسٹائل میں فریزر ہوم نے میدان مارلیا۔ویمنز پیرا اسپورٹ کے 100میٹر فری اسٹائل مقابلے میں میڈیسن ایلیٹ نے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔ دوسری طرف میزبان اسکاٹ لینڈ کے سوئمرز بھی پیچھے نہیں رہے۔

کیمرون بروڈی نے 100میٹر بٹر فلائی ایونٹ میں اولمپک چیمپئن چاڈ لی کلوز سے بھی بہتر وقت کے ساتھ گولڈ میڈل کے امکانات روشن کرلیے۔ انگلینڈ کے ایڈم پیٹی نے 100میٹر بریسٹ اسٹروک فائنل کیلیے کوالیفائی کرتے ہوئے گیمز کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، ورلڈ چیمپئن کرسٹیان سرنگر اور ہوم فیورٹ مائیکل جیمیسن کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کی جیولی کنگ اسکواش سیمی فائنل میں پہنچ گئیں، انھوں نے آئرش میڈلین پیری کو باآسانی زیر کیا۔ رگبی سیونز میں مسلسل پانچویں گولڈ میڈل کیلیے پُر عزم نیوزی لینڈ نے کینیڈا کی دیوار 39-0کے اسکور سے گراکر پیش قدمی جاری رکھی ۔ پاکستانی لان باؤلز ٹیم کا سفر بغیر کسی فتح کا مزا چکھے ختم ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔