انگلش ٹیم ناکامیوں سے دامن چھڑانے کیلیے بے تاب

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  اتوار 27 جولائی 2014
بھارت سے تیسرا ٹیسٹ آج شروع ہوگا، انجرڈ پرائر کی جگہ جوز بٹلر کا ڈیبیو یقینی
فوٹو:فائل

بھارت سے تیسرا ٹیسٹ آج شروع ہوگا، انجرڈ پرائر کی جگہ جوز بٹلر کا ڈیبیو یقینی فوٹو:فائل

سائوتھمپٹن: ناکامیوں سے دامن چھڑانے کیلیے بے تاب انگلش ٹیم اتوار سے بھارت کیخلاف تیسرا ٹیسٹ کھیلے گی، پانچ میچز کی سیریز میں مہمان سائیڈکو 1-0 سے سبقت حاصل ہے۔

انفرادی طور پر بھی ناکام رہنے والے الیسٹرکک پر میزبانی ٹیم کی قیادت چھوڑنے کیلیے دبائو انتہا پر پہنچ چکا، سائوتھمپٹن میں دوسری مرتبہ ٹیسٹ منعقد ہوگا، پیہم انجری مسائل کے سبب آرام لینے والے میٹ پرائر کی جگہ جوز بٹلر کا ٹیسٹ ڈیبیو یقینی ہے، اسٹورٹ براڈ فٹنس مسائل کے باوجود میزبان بولنگ اٹیک کو سنبھالیں گے، البتہ بین اسٹوکس کو کرس جورڈن کیلیے جگہ خالی کرنا پڑسکتی ہے، لارڈز میں فتح پانے والی بھارتی الیون میں ایک تبدیلی متوقع ہے، اسٹورٹ بنی کی جگہ روہت شرما مڈل آرڈر میں موقع پاسکتے ہیں۔

انگلش ٹیم اپنے گذشتہ9 میں سے7 ٹیسٹ میچز ہارچکی ہے، ایجیز بائول پر اس سے قبل تین برس پہلے سری لنکا سے واحد ٹیسٹ ڈرا ہوا تھا، گرین ٹاپ وکٹ دونوں ٹیموں کی منتظر ہوگی، اتوار کو بارش کا امکان لیکن اس کے بعد چاروں دن موسم صاف رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، بھارتی کپتان دھونی چاہتے ہیں کہ ان کے پیسرز عمدہ کارکردگی کا سلسلہ اس میدان میں بھی جاری رکھیں، لارڈز میں ایشانت کے بائونسرز نے انگلش بیٹسمینوں کا قصہ تمام کردیا جبکہ بھونیشور نے پہلی اننگز میں میزبان بیٹنگ لائن کے بخیے ادھیڑدیے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔