اسٹریٹ چائلڈ ٹیم کی ناروے میں فتوحات کا سفر شروع

اسپورٹس ڈیسک  پير 28 جولائی 2014
یوتھ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں اوسلو کے معروف لیمبرسٹر کلب کو0-1سے شکست   فوٹو: فائل

یوتھ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں اوسلو کے معروف لیمبرسٹر کلب کو0-1سے شکست فوٹو: فائل

اوسلو: اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں دھوم مچانے والی پاکستانی ٹیم نے ناروے میں بھی فتوحات کا سفرشروع کردیا، یوتھ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں اوسلوکے معروف لیمبرسٹرکلب کو 1-0سے شکست دیدی۔

فیصلہ کن گول ایاز نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق بنیادی سہولیات سے محروم کھلاڑیوں نے  برازیل میں منعقدہ اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن بھارت اور امریکا جیسے مضبوط حریفوں کو زیر کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی، عالمی سطح پر پہچان بنانے والے نوعمر فٹبالرز کو نہ صرف ملک میں بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی بلکہ کئی دیگرممالک کی طرف سے ٹورزکی دعوت بھی ملی۔ گذشتہ دنوں ناروے کے دارالحکومت اوسلومیں دنیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا،اس میں 10سے19سال کی عمر کے نوجوان فٹبالرز حصہ لیتے ہیں۔

رواں سال ہونے والے اس فٹبال میلے کی خاص بات یہ ہے کہ پہلی بار اسٹریٹ چلڈرن ٹیم کی شکل میں پاکستان کی بھی نمائندگی ہورہی ہے۔اوسلو سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گرین شرٹس کو ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں میزبان شہر کے معروف لیمبرسٹرکلب کا چیلنج درپیش تھا،دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ کیے تاہم کسی کو بھی برتری حاصل کرنے میں کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔

دوسرے ہاف میں پاکستانی فارورڈز ابتدا میں ہی حاوی ہوگئے، پے درپے حملوں کے نتیجے میں دبائو بڑھنے پر لیمبر سٹر کلب کے دفاعی کھلاڑیوں کی طرف سے کئی غلطیاں سامنے آئیں، بالآخر محمدایاز نے ڈی کے قریب ملنے والے عمدہ پاس پر شاندار کک کے ذریعے گول داغ کر اپنی ٹیم کیلیے فتح کا راستہ بنا دیا،باقی وقت میں پاکستانی سائیڈ نے گیند پر قبضہ برقرار رکھتے ہوئے میزبان کھلاڑیوں کا ہر حربہ ناکام بنایا،میچ کے دوران گرین شرٹس کو تارکین وطن پاکستانیوں کے ساتھ مقامی شائقین کی طرف سے بھی بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔