بوکو حرام نے کیمرون کے نائب وزیراعظم کی اہلیہ کو اغوا کرلیا

اے پی پی  پير 28 جولائی 2014
ایک دوسرے حملے میں مسلح شدت پسندوں نے ٹائون کے میئر کو بھی اغوا کر لیا.  فوٹو: فائل

ایک دوسرے حملے میں مسلح شدت پسندوں نے ٹائون کے میئر کو بھی اغوا کر لیا. فوٹو: فائل

ابوجا: نائیجیریا کی شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے کیمرون کے شمالی قصبے کلو فاتا میں حملہ کر کے کیمرون کے نائب وزیر اعظم کی اہلیہ کو اغوا کر لیا جبکہ حملے میں 3 افراد مارے گئے۔

ایک دوسرے حملے میں مسلح شدت پسندوں نے ٹائون کے میئر کو بھی اغوا کر لیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بوکو حرام نے کیمرون کی جانب سے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن میں عالمی کوششوں میں شمولیت کے بعد سرحد پا ر حملوں کا سلسلہ تیز کر دیا۔کیمرون نے حالیہ ہفتوں میں شدت پسند تنظیم کے خلاف آپریشن کے لیے ریجن میں فوج تعینات کر دی ہے۔

کیمرون کے ایک اعلیٰ حکومتی اہلکار عیسیٰ چیرومہ نے خبر رساں ادارے کو بتا یا کہ کلوفاتا قصبے میں واقع نائب وزیر اعظم آمادو علی کے گھر پر بوکو حرام کے شدت پسندوں نے حملہ کیا، عسکریت پسند نائب وزیر اعظم کی اہلیہ کو اٹھا کر لے گئے۔ انھوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں نے بعد ازاں میئر اور مذہبی رہنما کے گھر پر حملہ کیا اور انھیں بھی اغوا کر لیا۔کیمرون ملٹری نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم عیدالفطر کی چھٹیوں کے سلسلے میں اپنے آبائی قصبے میں مقیم تھے بعد ازاں سیکیورٹی حکام انھیں قریبی قصبے لے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔