برطانیہ نے پی آئی اے کے ذریعے آنے والے کارگو پرپابندی عائد کردی

ویب ڈیسک  پير 28 جولائی 2014
 پی آئی اے کی امریکا جانے والی تمام پروازیں یورپ میں قیام کے بعد ہی اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ ہوتی ہیں   فوٹو: فائل

پی آئی اے کی امریکا جانے والی تمام پروازیں یورپ میں قیام کے بعد ہی اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ ہوتی ہیں فوٹو: فائل

کراچی: برطانیہ نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کے ذریعے آنے والے کارگو پر پابندی عائد کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق برطانوی حکام نے پی آئی اے پر کارگو لانے پر پابندی عائد کردی ہے، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عائد اس پابندی کا اطلاق بھی ہوگیا ہے، یورپی یونین کا رکن ہونے کی وجہ سے برطانیہ کی جانب سے عائد اس پابندی کا اطلاق یورپ کے دیگر ملکوں پر بھی ہوگا۔ قومی ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے پی آئی اے کے کارگو پر پابندی امتیازی نوعیت کی ہے جسے ہٹوانے کے لئے متعلقہ حکام سے بات چیت جاری ہے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کی امریکا جانے والی تمام پروازیں یورپ میں قیام کے بعد ہی اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ ہوتی ہیں ۔ اس پابندی کے باعث جہاں ملک کی برآمدات پر منفی اثرات پڑیں گے وہیں تباہی کے دہانے پر کھڑی قومی ایئر؛لائن کو بھی خطیر نقصان ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔