سلامتی کونسل کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

ویب ڈیسک  پير 28 جولائی 2014
سلامتی کونسل کے اجلاس میں عید اور اس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی کے مطالبے کی منظوری دی گئی۔ فوٹو:فائل

سلامتی کونسل کے اجلاس میں عید اور اس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی کے مطالبے کی منظوری دی گئی۔ فوٹو:فائل

نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں جنگ بندی کی قرار متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے فریقین سے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

غزہ کی تشویشناک صورت حال پر ہونے والے ہنگامی اجلاس میں سلامتی کونسل کے صدر راوانڈ کی جانب سے اسرائیل اور حماس سے غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں عید اور اس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی کے مطالبے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پائیدار جنگ بندی کے لیے مصر کی تجویز پر عمل درآمد کے لئے کہا گیا ہے جس کے تحت لڑائی میں  وقفے سے غزہ کے مستقبل کے بارے میں  نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے راستہ ہموار ہو اور محصور غزہ کے سرحدی راستے کھلنے پر بھی بات چیت ہو۔ دوسری جانب امریکی صدر براک اوباما نے بھی اسرائیلی وزیراعظم بنجیمن نیتن یاہو کو ٹیلی فون کیا اور غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کی۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں گزشتہ 3 ہفتوں سے جاری بربریت میں اب تک 1060 سے زائد فلسطینی شہید جب کہ 6 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ اس کے صیہونی افواج کی بمباری سے غزہ میں سیکڑوں گھر ملبے کا ڈھیر ہو چکے ہزاروں فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔ حماس کی جانب سے جوابی کارروائی میں اب تک  43 اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔