ملتان میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے مجید نیازی کا ریلوے ملازم پر مبینہ تشدد

ویب ڈیسک  پير 28 جولائی 2014
ریلوے ملازمین کا عمران خان سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے کے خلاف ایکشن کا مطالبہ۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

ریلوے ملازمین کا عمران خان سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے کے خلاف ایکشن کا مطالبہ۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

ملتان: لیہ میں پاکستان تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی مجید خان نیازی نے ریلوے ملازم کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس پر ملازمین نے احتجاج کر کے ٹرینوں کی آمدورفت رکوادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے ایم پی اے مجید خان نیازی نے گزشتہ روز لیہ میں ریلوے پھاٹک دیر سے کھولنے پر گیٹ کیپر طاہر محمود کو تشدد کا نشانہ بنایا جس پر ریلوے ملازمین نے ملتان میں احتجاج کرتے ہوئے جعفر ایکسپریس کو روک دیا جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان انصاف کی بات کرتے ہیں لیکن ان کے ایم پی اے غریب ریلوے ملازمین پر تشدد کرررہے ہیں، عمران خان مجید خان نیازی کے خلاف ایکشن لیں۔ بعدازاں ریلوے افسران کی جانب سے ایم پی اے کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی پر ملازمین اپنا احتجاج ختم کر کے اپنی ڈیوٹیوں پر چلے گئے۔

دوسری جانب ایم پی اے مجید خان نیازی نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک افطار پارٹی سے آ رہے تھے اور لیہ میں 3 گھنٹے سے پھاٹک بند تھا جس پر ان کے ملازمین اور ریلوے ملازمین کے درمیان جھگڑا ہو گیا، ریلوے ملازم پر نہیں بلکہ میرے ملازمین پر تشدد کیا گیا جو اس وقت بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے ریلوے ملازم پر کوئی تشدد نہیں کیا، میرے ملازمین نے دھکے ضرور دیئے تھے، متعلقہ تھانے میں اس واقعہ کی ایف آئی آر اور میڈیکل رپورٹ بھی جمع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔