دُعا ہے بھارتی اور پاکستانی عوام ملکر عیدکی خوشیاں منائیں،ہنس راج

قیصر افتخار  پير 28 جولائی 2014
سب لوگ ایک دوسرے کوگلے لگا کرنفرتیں ختم کرتے ہیں اسی لیے عید کا دن بہت پسند ہے،
فوٹو:فائل

سب لوگ ایک دوسرے کوگلے لگا کرنفرتیں ختم کرتے ہیں اسی لیے عید کا دن بہت پسند ہے، فوٹو:فائل

لاہور: بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے معروف گلوکارہنس راج ہنس نے پاکستانیوں کو عیدالفطرکی مبارکباد کے ساتھ نیک تمناؤں کا پیغام دیا ہے۔

گزشتہ روز’’ایکسپریس‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے ہنس راج ہنس کا کہنا تھا کہ میری دعا ہے کہ عیدالفطر کا پاکستان میں بسنے والے تمام لوگوں میں پیارمحبت کا پیغام لے کرآئے۔ عیدکا دن توویسے بھی خوشیوں بھرا ہوتا ہے اورسب لوگ ایک دوسرے کوگلے لگا کرنفرتوں کوختم کرتے ہیں۔ اسی لیے مجھے عید کا دن بہت پسند ہے۔ عید کا دن وہ منظرپیش کرتاہے جس کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔ اپنوں کے ساتھ ساتھ ان سب لوگوں کوبھی گلے لگایا جاتا ہے جن سے کوئی ملاقات بھی نہیں ہوتی۔

یہی وہ احساس ہے جویکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔ اسی لیے میری دعا ہے کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان جونفرتوں کی دیواریں کھڑی ہیں وہ بھی عیدکے دن کے موقع پرگرجائیں اوردونوں ملکوں کے لوگ مل کرایک ساتھ عید کی خوشیاں منائیں اور مبارکباد دیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت میں بھی مسلمانوں کی کثیر تعداد بستی ہے اوریہاں بھی عیدکے موقع پربھرپورتیاریاں کی جاتی ہیں۔

عیدکی نماز کی ادائیگی کے بعد کا منظرمجھے ہمیشہ سے ہی بہت پسند ہے اورمیری یہ دیرینہ خواہش ہے کہ یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے اوراسی طرح لوگ ایک دوسرے کوگلے لگاکرتمام گلے شکوے بھلاتے رہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔