ملک بھر میں آج عیدالفطرمذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے

 منگل 29 جولائی 2014
عید گاہوں کے باہر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔ فوٹو ڈیزائن: اویس خان

عید گاہوں کے باہر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔ فوٹو ڈیزائن: اویس خان

ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے جبکہ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

ملک بھر میں آج عیدالفطرپورے مذہبی جوش وجذبے سے منائی جارہی ہے، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات ہوئے۔ لاکھوں مساجد عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید ادا کی گئی۔ نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اوردہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری تنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی۔

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں عید الفطر کے موقع پر شہر کی بڑی مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی جب کہ پولیس کے علاوہ رینجرز اہلکار نے بھی ڈیوٹی انجام دیں گے، اہم عیدگاہوں پر نمازیوں کو واک تھرو گیٹ سے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ اس کے علاوہ عیدالفطر کے موقع پر شہر کے اہم عوامی مقامات، تفریحی گاہوں اور پارکوں کے باہر بھی پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔کراچی کے علاوہ حیدرآباد،سکھر اور سندھ کےدیگر شہروں میں بھی عید کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں نماز عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجھد میں ہوا جہاں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی نماز ادا کی۔ عیدالفطر کے موقع پر پنجاب میں سیکیورٹی خدشات کی بنا پر سخت سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جہاں لاہور اور دیگر اہم شہروں میں عیدگاہوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی وہیں عوامی مقامات پر بھی قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے اہلکار اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

دارالحکومت اسلام آباد کو پردیسیوں کا شہرکہا جاتا ہے کیوں کہ ذریعہ معاش کی خاطر ملک کے دیگر حصوں سے آئے لوگ اپنے آبائی علاقے میں عید منارہے ہیں تاہم اس کے باوکود مقامی آبادی بھرپور انداز میں عید الفطر کا تہوار منارہی ہے ، اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا۔ سکیورٹی پلان کےتحت شہر میں 4 ہزار 500 سیکیورٹی اہلکاروں کو 667 مقامات پر تعینات کیا گیا۔ سکیورٹی پلان کے تحت بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی مختلف مقامات پر چیکنگ کررہا ہے۔

عیدالفطر کے موقع پر کوئٹہ اور پشاور میں بھی سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت دونوں صوبائی دارالحکومتوں میں پولیس،رینجرز اور ایف سی کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ حساس اور اہم مقامات پر سادہ لباس اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔