لندن پولیس نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی ضمانت میں توسیع کردی

ویب ڈیسک  منگل 29 جولائی 2014
الطاف حسین کو 31 جولائی کو انٹرویو کے لئے لندن پولیس کے سامنے پیش ہونا تھا۔    فوٹو: فائل

الطاف حسین کو 31 جولائی کو انٹرویو کے لئے لندن پولیس کے سامنے پیش ہونا تھا۔ فوٹو: فائل

لندن: میٹروپولیٹن پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ضمانت میں دسمبر تک کی توسیع کردی۔

ایم کیو ایم کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق میٹروپولیٹن پولیس نے ضمانت میں توسیع سے متعلق الطا ف حسین کو ان کے وکلا کے ذریعے آگاہ کردیا ہے، الطاف حسین کو 31 جولائی کو انٹرویو کے لئے پولیس کے سامنے پیش ہونا تھا۔ ضمانت میں توسیع پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اس کا خود مجھے بھی اندازہ تھا کہ میٹروپولیٹن پولیس میری ضمانت کی تاریخ میں توسیع کردے گی اوریہ پیش رفت برطانوی قانون کے مطابق معمول کاحصہ ہے۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کی پالیسیاں عالمی اقدارسے مکمل مناسبت رکھتی ہیں، ایم کیوایم حقیقی معنوں میں ایک قومی جمہوری جماعت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم  ملک کی چوتھی بڑی جماعت ہونے کی حیثیت سے حقیقی جمہوری نظام  اور پاکستان سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کاخاتمہ کرناچاہتی ہے۔

واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو منی لانڈنگ کیس میں گزشتہ ماہ 3 جون کو گرفتار کرلیا تھا تاہم بعد ازاں ان کے بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد انہیں 7 جون کو ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔