سرحد پار سے حملہ، پاکستان کا افغانستان سے شدید احتجاج

ویب ڈیسک  بدھ 30 جولائی 2014
پاکستان اس معاملے کو افغان حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح پر اٹھائے گا تاکہ سیکیورٹی کے مزید بہتر اقدامات کیے جاسکیں، ترجمان دفترخارجہ   فوٹو؛فائل

پاکستان اس معاملے کو افغان حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح پر اٹھائے گا تاکہ سیکیورٹی کے مزید بہتر اقدامات کیے جاسکیں، ترجمان دفترخارجہ فوٹو؛فائل

اسلام آباد: لوئر دیر میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر افغان دہشت گردوں کے حملے پر پاکستان نے افغانستان سے شدید احتجاج کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ پاکستانی چوکیوں پر افغان دہشت گردوں کے حملے پر افغانستان کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے اُن سے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سرحد پار سے ہونے والے دہشت گردوں کے ان حملوں کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کریں۔

تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن نبرد آزما ہے، افغانستان کی جانب سے اُس کی حدود میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خاتمہ کے لیے بھر پور تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اس معاملے کو افغان حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح پر اٹھائے گا تاکہ پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی کے مزید بہتر اقدامات کیے جاسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔