چوہدری برادران کی قادری سے ملاقات، یوم انقلاب کی تاریخ فائنل

شیخ رشید نے بھی پی اے ٹی کے سربراہ طاہرالقادری سے ملاقات کی۔ فوٹو: فائل

شیخ رشید نے بھی پی اے ٹی کے سربراہ طاہرالقادری سے ملاقات کی۔ فوٹو: فائل

لاہور / اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ قائداعظم کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی نے پاکستان عوامی تحر یک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کی جس میں یوم انقلاب کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

ایکسپریس کے مطابق تینوں رہنماؤں کے دوران ملاقات 3 گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ جس میں یوم انقلاب کی تاریخ کو حتمی شکل دے دی گئی، رواں ہفتے کسی بھی وقت یوم انقلاب کی تاریخ کا اعلان کردیا جا ئے گا۔ اس بات کا قومی امکان ہے کہ طاہر القادری عمران خان کے14اگست کے آزادی مارچ سے پہلے لاہور سے روانہ ہوںگے۔ آن لائن کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بھی عید کے دن طاہرالقادری سے ملاقات کی اور حکومت کے خلاف انقلاب مارچ اور سونامی مارچ پر تبادلہ خیال کیا۔

این این آئی کے مطابق نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو میں ڈاکٹر طاہر القادری نے تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے ساتھ ہی انقلاب مارچ کے سوال پر کہا کہ دونوں جماعتوں میں کافی ہم آہنگی ہے ایک ایک اور 11 ہوتے ہیں۔ نمائندہ ایکسپریس کے مطابق طاہر القادری نے نماز عید الفطر منہاج القرآن مسجد، ماڈل ٹائون میں ادا کی۔ طاہر القادری 17 جون سانحہ ماڈل ٹائون کے شہدا کے لواحقین اور عید ملنے کے لیے آنے والے زخمیوں سے بھی ملے اور ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

ق لیگ کے چوہدری برادران اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد نے وفاقی حکومت کے خلاف عوامی تحریک اورپاکستان تحریک انصاف کوایک پلیٹ فارم پراکٹھاکرنے کے لیے کوششیں تیزکردی ہیں،امکان ہے کہ عوامی تحریک 14 اگست کوتحریک انصاف کے آزادی مارچ میںشرکت کرے تاہم پاکستان عوامی تحریک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی تحریک کی کوشش ہے کہ چونکہ عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کے مطالبات اور ایجنڈہ یکساں ہے اس لیے دونوں پارٹیاں اکٹھے ہوکر وفاقی حکومت کے خلاف لانگ مارچ نکالیں اس سلسلے میں دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں کے درمیاں مشاورت کاسلسلہ جاری ہے اور آئندہ چند دنوں میں کوئی واضح پوزیشن سامنے آئے گی۔

تحریک انصاف کے ایک ذمے دار رہنما نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے پر ایکسپریس کو بتایا کہ ان کی پارٹی نے تمام ہم مزاج سیاسی جماعتوں کو 14 اگست کے آزادی مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ دوسری طرف ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ عوامی تحریک کی خواہش ہے کہ عوامی تحریک اور تحریک انصاف اکٹھے ہوکر وفاقی حکومت کے خلاف لانگ مارچ یا انقلاب مارچ کا اعلان کریں اور اس مارچ کی قیادت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری مل کر کریں۔

ذرائع نے بتایا کہ دونوں پارٹیوں کے مابین اس سلسلے میں رابطوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے اورق لیگ کے چوہدری برادران اور شیخ رشید کی کوشش ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان حکومت کے خلاف جدوجہد میں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوجائیں، اس سلسلے میں صورتحال آئندہ چند دنوں میں واضح ہوجائے گی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔