عید الفطر پر مختلف شہروں میں حادثات سے 91 افراد جاں بحق

خیرپور میں 6، ملتان میں 9، اسکردو میں 8 افراد ہلاک، دیگر شہروں میں بھی المناک واقعات۔ فوٹو: فائل

خیرپور میں 6، ملتان میں 9، اسکردو میں 8 افراد ہلاک، دیگر شہروں میں بھی المناک واقعات۔ فوٹو: فائل

لاہور / اسلام آباد / سکھر: عید الفطر کے ایام میں ملک کے مختلف علاقوں میں حادثات کے دوران 91 افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

نمائندگان ایکسپریس کے مطابق ملتان سے علی پور جانے والی تیز رفتار وین بے قابو ہو کر درخت سے جاٹکرائی جس کے نتیجے میں 9افراد جاں بحق،متعدد زخمی ہو گئے۔ پاکپتن میںدو مختلف حادثات کے دوران6 افراد جاں بحق ہو گئے،اسکردو میں مسافر وین دریائے شوخ میں گر نے سے 3 عورتوں سمیت ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق ،3زخمی ہوگئے۔ لاہور میں ٹریفک حادثات کے دوران خاتون سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے،ادھر مانسہرہ کے نواحی علاقے شوگراں میں سیر کیلیے جانے والے افراد کی کار موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جاگری جس سے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

خیر پور میں گمبٹ کے قریب مسافر کوچ اورکار میں تصادم کے نتیجے میں6 افراد جاں بحق جبکہ 8زخمی ہوگئے۔ جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں عید کے موقع پر حادثات میں 28 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔گوجرانوالہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، گجرات، منڈی بہائوالدین، گوجرانوالہ کینٹ، سمبڑیال، ڈسکہ، کھاریاںاور جلالپور جٹاںمیںمتعدد حادثات کے دوران میاں بیوی سمیت 10 افراد جاں بحق جبکہ بچوں اور خواتین سمیت درجنوں زخمی ہو گئے۔ہنگو ،چکوال ، تلہ گنگ ،کلر کہار،چوآسیدن شاہ ، ٹانک ، شہداد کوٹ، مظفرگڑھ،دیپالپور ،اوکاڑہ میں بھی المناک حادثات نے متعدد افراد کی جان لے لی۔ نوشہروفیروز میں آئل ٹینکر اْلٹنے سے ایک شخص چل بسا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔