مزار اقبال پر پرچم کشائی سے جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا

ویب ڈیسک  جمعـء 1 اگست 2014
پرچم کشائی کی تقریب میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فوٹو: آن لائن

پرچم کشائی کی تقریب میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فوٹو: آن لائن

لاہور: وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق نے مزار اقبال پر پرچم کشائی کرکے جشن آزادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔

وفاقی حکومت نے رواں برس جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کےلئے جامع منصوبہ ترتیب دیا ہے جس کے تحت اگست کے پورے مہینے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ تقریبات کا مقصد موجودہ حالات کے پیش نظر ملک میں یکجہتی کی فضا پیدا کرنا اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والےاداروں کے اہلکاروں اور افسران کے عزم و استقلال کو مزید بلند کرنا ہے۔ اس کے تحت سول سوسائٹی، غیر سرکاری تنظیموں ، وکلاء تنظیموں ، پیشہ ورانہ اداروں اور مذہبی رہنمائوں کی یوم آزادی کی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

جشن آزدی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز مزار اقبال پر پرچم کشائی کی تقریب سے کیا گیا، اس تقریب میں ارکان قومی و پنجاب اسمبلی کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی، اس موقع پرپولیس کے خصوصی بینڈ نے قومی دھنیں بجائیں جب کہ جشن آزادی کی تقریبات کااختتام قائد اعظم کے مزارپرہوگا۔

آزادی ٹرین جشن آزادی تقریبات کا اہم حصہ ہوں گی اس کے علاوہ 13 اور 14 اگست کی درمیانی رات اسلام آباد میں خصوصی پریڈ اور فلائی پاسٹ ہوگا جبکہ 14اگست کی صبح یوم آزادی کی روایتی تقریب بھی منعقد ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔