بولی وُڈ: کھوگئی ہو تم کہاں۔۔۔۔۔

نرگس ارشد رضا  اتوار 10 اگست 2014
با لی ووڈ میں کئی نام ور ہیروئنز گزری ہیں جنہوں نے اپنے کام اور خوب صورتی کی بدولت ایک عرصے تک لوگوں کو اپنا اسیر بنائے رکھا. فوٹو: فائل

با لی ووڈ میں کئی نام ور ہیروئنز گزری ہیں جنہوں نے اپنے کام اور خوب صورتی کی بدولت ایک عرصے تک لوگوں کو اپنا اسیر بنائے رکھا. فوٹو: فائل

بولی وڈ کو خوابوں کی جنت کہا جاتا ہے۔ یہاں نہ صرف پورے انڈیا بلکہ دنیا کے کئی حصوں سے قسمت آزمانے کے لیے فن کے شوقین چلے آتے ہیں اور اس جادو نگری کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

یہاں ہر سال نئے چہرے اپنی قسمت چمکاتے ہیں، لیکن بہت کم ایسے ہوتے ہیں۔ جنہیں بہت سخت جدوجہد اور کوششوں کے بعد ان کا جائز مقام ملتا ہے اور پھر اتنی محنت شہرت کے بعد وہ اچانک فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیتے ہیں۔ انڈین فلم انڈسٹری میں کئی نام ور ہیروئنز گزری ہیں، جنہوں نے اپنے کام اور خوب صورتی کی بدولت ایک عرصے تک لوگوں کو اپنا اسیر بنائے رکھا اور پھر اچانک وہ شوبز کی اس رنگین اور جگمگاتی کائنات سے الگ ہوگئیں، یہاں ماضی کی چند ایسی ہی ہیروئنز کا ذکر ہے:

ممتا کلکرنی:

ممتا نے بیس سال کی عمر میں فلم عاشق آوارہ سے فلم کیریر کا آغاز کیا۔ اس فلم میں اس کے مقابل سیف علی خان نے ہیرو کا رول پلے کیا تھا اور اسی سال ان دونوں کو بیسٹ ڈیبیو کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ ممتا فلم انڈسٹری میں اپنے بے باک انداز اور منہ پھٹ ہونے کی وجہ سے خاصی مشہور تھی۔

ایک میگزین کے سرورق پر قابل اعتراض تصاویر شائع ہونے پر اسے اچھے خاصے تنازعات کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ اپنی پہلی فلم کی کام یابی کے بعد وہ بڑے اچھے انداز میں کام یابی کے مراحل طے کر رہی تھی، لیکن اس کی بولڈ تصاویر نے اس کے کیریر کا ڈاؤن فال شروع کردیا تھا۔ ممتا نے اپنے کیریر میں کئی ہٹ فلموں میں کام کیا جن میں کرانتی ویر، کرن ارجن اور سب سے بڑا کھلاڑی شامل ہیں۔ مارچ 1995میں میگزین تنازعے کے باعث اس نے فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرکے امریکا میں سکونت اختیار کرلی تھی۔ بعدازاں وہ وہاں سے اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ دبئی منتقل ہوگئی۔

منداکنی:

تیس جولائی 1969کو پیدا ہونے والی نیلی آنکھوں والی منداکنی بھی بولی وڈ کی ایک مشہور اداکارہ رہ چکی ہے۔ منداکنی کا اصل نام یاسمین جوزف ہے اور اس نے فلم انڈسٹری میں بہت کم وقت گزارہ۔ فلموں میں وہ اپنی اداکاری کے بجائے بے باک انداز کی وجہ سے مشہور تھی۔ سولہ سال کی عمر میں اس نے بولی وڈ شومین راج کپور کی فلم ’’رام تیری گنگا میلی‘‘ میں اپنی بولڈ پرفارمنس کی بدولت بہت شہرت کمائی۔ منداکنی نے اس کے بعد ڈانس ڈانس، پیار کرکے دیکھو اور زوردار جیسی فلموں میں کام کیا۔ ان ہی دنوں انڈر ورلڈ کے ڈان داؤد ابراہیم کے ساتھ اس کے خفیہ تعلقات کے چرچے ہونے لگے۔ فلم زور دار منداکنی کی آخری فلم تھی۔ اس کے بعد اس نے فلموں سے کنارہ کشی اختیار کرلی آج کل وہ اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ لائم لائٹ سے دور ممبئی میں زندگی گزار رہی ہے۔

بھاگیہ شری:

23فروری1969کو پیدا ہونے والی اداکارہ بھاگیہ شری نے انڈسٹری میں بہت کم وقت گزارہ۔ بھاگیہ نے ٹی وی اور فلم دونوں میڈیمز پر کام کیا، لیکن اسے شہرت اور مقبولیت صرف ایک فلم میں نے پیار کیا سے ملی جس میں اس کے ساتھ سلمان خان نے ہیرو کا رول پلے کیا تھا۔

یہ ان دونوں کی پہلی فلم تھی جس نے باکس آفس پر مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے۔ بھاگیہ اپنی فطری معصومیت اور خوب صورتی کے باعث ہردل عزیز اداکارہ بن گئی۔ تاہم بعد میں اس نے صرف اپنے شوہر ہمالہ کے ساتھ کچھ فلموں جیسے قید میں ہے بلبل، تیاگی اور پائل میں کام کیا، لیکن آڈینس اسے اس کے شوہر کے بجائے دیگر ہیروز کے ساتھ دیکھنا چاہتے تھے، جو ممکن نہ ہوسکا اور ان چند فلموں میں کام کرنے کے بعد اس نے فلم انڈسٹری چھوڑدی آج کل وہ اپنے شوہر اور دو بیٹوں کے ساتھ زندگی گزار رہی ہے اور ساتھ ہی اپنے بڑے بیٹے کو بولی وڈ میں لانچ کرنے کے منصوبے بھی بنارہی ہے۔

پوجابھٹ:

فروری 1972کو پیدا ہونے والی اداکارہ پوجا بھٹ کے لیے فلم انڈسٹری کوئی نئی جگہ نہیں تھی، کیوں کہ اس کے والد مہیش بھٹ فلم دنیا کے جانے پہچانے اور کام یاب فلم میکر اور ڈائریکٹر ہیں۔ پوجا نے 1989میں اپنی ہوم پروڈکشن فلم ڈیڈی سے اپنے کیریر کا آغاز کیا۔ بعدازاں اس نے کئی اور فلموں میں بھی کام کیا، لیکن اس کے کیریر کی سب سے زیادہ ہٹ اور کام یاب فلم دل ہے کہ مانتا نہیں اور سڑک تھیں۔ ان فلموں پر اسے ایوارڈ بھی ملے۔ پوجا نے اپنے چلتے فلم کیریر ہی میں میں چینل وی کے وی جے مانیش مہاکیجا سے شادی کرلی تھی۔

سونالی بیندرے :

سونالی بیندرے مس انڈیا کا اعزاز بھی حاصل کر چکی ہے۔ فلم دنیا میں آنے سے پہلے اس نے لاتعداد کمرشلز میں کام کیا اور اس کا شمار انڈیا کی ٹاپ ماڈلز میں کیا جاتا تھا۔ سونالی نے فلم آگ سے اپنے فلمی کیریر کا آغاز کیا۔ اس فلم میں اس کے ساتھ گووندا نے ہیرو کا رول کیا تھا۔

آگ گو کہ ایک فلاپ فلم تھی، لیکن اس فلم کے ذریعے سونالی کا نوٹس لیا گیا اور اسے مزید فلموں میں کام کرنے کی آفرز ملنے لگیں۔ اس کی قابل ذکر فلموں میں ڈپلی کیٹ، انگلش بابو دیسی میم، دل جلے، بھائی، سرفروش، زخم، میجرصاحب اور ہم ساتھ ساتھ ہیں شامل ہیں۔ سونالی نے انڈسٹری کے کام یاب اور مقبول ہیروز جیسے گووندا، سلمان خان، شاہ رخ خان، عامر خان ، سیف علی خان، سنجے دت، انیل کپور اور سنیل شیھٹی کے ساتھ کام کیا۔ شادی کے بعد سونالی نے فلم انڈسٹری چھوڑ دی اور کافی عرصے کے بعد شاہ رخ کی فلم کل ہو نہ ہو میں ایک مختصر کردار میں نظر آئی۔

نمرتا شروڈکر:

ایک اور مس انڈیا کا ٹائیٹل پانے والی ماڈل ٹرن اداکارہ نمرتا شروڈکر کا شمار کام یاب تو نہیں البتہ اچھی اداکاراؤں میں ضرور کیا جاتا ہے۔ اس نے اپنے فلمی کیریر کا آغاز فلم جب پیار کسی سے ہوتا ہے سے کیا۔ اس فلم میں مرکزی کردار سلمان خان اور ٹوئنکل کھنہ نے کیے تھے اور نمرتا نے معاون اداکارہ کے طور پر کام کیا تھا۔

باکس آفس پر یہ فلم سپر ہٹ ہوئی تھی اور یوں نمرتا کے لیے آگے کا سفر آسان ہو گیا۔ سنجے دت کے ساتھ اس کی فلم واستوو نے یہ بات ثابت کردی کہ وہ مشکل کردار بھی بہ خوبی ادا کرسکتی ہے۔ اس فلم کے بعد نمرتا نے زیادہ تر فلموں میں معاون اداکارہ کے طور پر کام کیا، جن میں ہیرا پھیری، پکار اور استتوا قابل ذکر ہیں۔ ٹی وی کے معروف اداکار مہیش بابو کے ساتھ لمبے عرصے تک معاشقے کے بعد نمرتا نے اس سے 2005 میں شادی کرلی اور فلمی دنیا کو خیر باد کہہ دیا۔

میناکشی سشادری:

سولہ نومبر 1963کو پیدا ہونے والی ماڈل، اداکارہ اور ڈانسر میناکشی سشادری 1981میں مس انڈیا کا اعزاز حاصل کرنے والی سب سے کم عمر لڑکی تھی۔ 1982میں میناکشی نے فلم پینٹر بابو سے اپنے فلمی دور کا آغاز کیا۔ تاہم اس فلم کی ناکامی نے اسے دل برداشتہ کردیا، لیکن سبھاش گھئی جو اپنی فلموں میں نئے ٹیلنٹ کو متعارف کراتے رہتے ہیں، نے میناکشی میں ایک اچھی اداکارہ کو ڈھونڈ نکالا اور اسے پنی فلم ہیرو میں نئے اداکار جیکی شیروف کے ساتھ کاسٹ کیا۔

ہیرو کی کام یابی نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے خاص طور اس فلم کے گانے تو آج بھی لوگوں کو یاد ہیں۔ اس فلم کے بعد فلمی دنیا میں میناکشی کے کام یاب دور کا آغاز ہوا۔ میناکشی کی کام یاب فلموں میں دامنی، جوشیلے، ستیہ میو جیت، شہنشاہ اور گھاتک شامل ہیں۔ گھاتک اس کی آخری فلم تھی، بینکر ہریش میسور کے ساتھ شادی کرنے کے بعد میناکشی نے فلمی دنیا چھوڑ دی۔ آج کل وہ اپنے دو بچوں اور شوہر کے ساتھ امریکن ریاست ٹیکساس میں رہائش پذیر ہے اور وہاں ایک ڈانسنگ اسکول میں بچوں کو بھارتی ناٹیم رقص سکھاتی ہے۔

شمیتا شیٹھی:

ماڈل اور اداکارہ شلپا شیٹھی کی چھوٹی بہن شمیتا شیٹھی نے اپنے فلمی کیریر کا آغاز 2000 میں یش راج بینر کے تحت بنائی جانے والی فلم محبتیں سے کیا۔ یہ فلم سپر ہٹ ہوئی تھی، لیکن کیوںکہ شمیتا کا رول ایک معاون اداکارہ کا تھا اس لیے اس کی صلاحیتوں کا اندازہ نہ ہوسکا اسی لیے انڈسٹری میں وہ بہ حیثیت اداکارہ اپنی کوئی خاص پہچان نہ بناسکی اور لوگ اسے اس کی بڑی بہن شلپا کے حوالے سے زیادہ جاننے لگے۔

شمیتا نے اداکاری کے بجائے فلموں میں آئٹم سونگ کرنے میں زیادہ دل چسپی دکھائی فلم ساتھیا اور میرے یار کی شادی ہے میں اس کے آئٹم نمبرز بہت ہٹ ہوئے۔ 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم زہر شمیتا کی بہ طور سولو ہیروئن پہلی فلم تھی عمران ہاشمی کے ساتھ بننے والی یہ فلم شمیتا کے کیریر کی واحد ہٹ فلم بھی ہے۔2011 میں اس نے اداکاری سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا اور اپنا انٹیریر ڈیزائنگ کا بزنس شروع کردیا۔

کمی کاٹکر:

اَسّی کی دہائی کی اس مقبول اداکارہ کو لوگ اس کے نام سے کم اور اس کے بولڈ انداز کی وجہ سے زیادہ جانتے ہیں۔ فلم پتھر دل میں معاون اداکارہ کے طور پر اس نے اپنے کیریر کا آغاز کیا۔ بہ طور ہیروئن اس کی پہلی فلم ٹارزن تھی، جس میں کمی کاٹکر نے جسمانی نمائش کا خوب مظاہرہ کیا۔ اس کی دیگر فلموں میں نمایاں ترین امیتابھ کے ساتھ ہم تھی۔ ہمالہ کمی کاٹکر کی آخری فلم تھی۔ اس فلم کی ریلیز کے بعد اس نے فوٹو گرافر اور فلم میکر شانتانو شورے سے شادی کرلی۔ کمی کی فلموں میں میرا لہو، وردی، مرد کی زبان، دریا دل اور غیرقانونی شامل ہیں۔ اس کی فلمی جوڑی کو سب سے زیادہ گووندا کے ساتھ پسند کیا گیا۔

فرح:

اداکارہ تبو کی بڑی بہن فرٖح اَسّی اور نوے کی دہائی کی کام یاب ترین ہیروئن تھی۔ اپنی معصوم شکل اور بھولے بھالے انداز کی بنا پر وہ بے حد پسند کی جاتی تھی۔ اپنے دور میں فرح نے اس وقت کے تقریباً سب ہی مشہور ہیروز کے ساتھ کا م کیا۔ فرح کی کام یاب اور اہم فلموں میں ایمان دار، نصیب اپنا اپنا، لو 86، پالے خان اور باپ نمبری تو بیٹا دس نمبری شامل ہیں۔ اپنے کیریر کے عروج میں اس نے داراسنگھ کے بیٹے ونوددارا سے شادی کرلی اور شادی کے بعد فرح نے نہ صرف فلموں سے مکمل سے کنارہ کشی اختیار کرلی بل کہ اس نے شوبز کی تقریبات میں بھی شرکت کرنا چھوڑ دی۔

آئشہ جھلکا:

آئشہ نے کچھ فلموں میں بہت اچھا کام کیا اور نام ور ہیروز جیسے عامر خان، سلمان خان اور اکشے کمار کے ساتھ اپنی کام یاب جوڑی بنائی آئشہ کی یاد گار فلموں میں جو جیتا وہ سکندر، معصوم اور کھلاڑی شامل ہیں اس کی آخری فلم ایشوریا رائے کی امراؤ جان تھی جس میں آئشہ نے خورشید کا رول کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔