باکمال لوگوں کا ایک اور لاجواب کارنامہ؛ پی آئی اے کا اسمگلر فلائٹ اسٹیورڈ گرفتار

ویب ڈیسک  پير 11 اگست 2014
پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: پاکستان کی قومی ایئر لائن کے فلائٹ اسٹیورڈ کو اسمگلنگ کرتے ہوئے گرفتار کر کے پی آئی اے حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کسٹم حکام نے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے راولپنڈی کے بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 786 کے فلائٹ اسٹیورڈ شعیب راجپوت کے سامان کی شک کی بناء پر تلاشی لی تو اس کے سامان سے لاکھوں روپے مالیت کے 50 اسمارٹ فونز، لیپ ٹاپز اور 6 ہزار برطانی پاؤنڈ برآمد ہوئے۔ کسٹم حکام نے فلائٹ اسٹیورڈ شعیب راجپوت کو حراست میں لے کر پی آئی اے کی انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے۔ شعیب راجپوت پی آئی اے کی یونین کے مرکزی رہنما بھی ہیں۔ دوسری جانب پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل بھی پی آئی اے کے ایک فلائٹ اسٹیورڈ کو ہیتھرو ایئر پورٹ پر لندن کے کسٹم حکام نے اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا جسے پی آئی اے کی انتظامیہ نے بھاری جرمامہ ادا کر کے شخصی ضمانت پر رہا کروایا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔