اکشے کے مقابل ہیروئن آنے کیلیے کریتی سینن نے رقص کی تربیت لینا شروع کردی

شوبز ڈیسک  پير 18 اگست 2014
میوزک بیٹ پر اسٹیپ اٹھانے کی تربیت بھی لے رہی ہوں، گفتگو، اداکارہ نئی تیلگو فلم ’’سدھیر ورما نیکسٹ ‘‘ میں بھی جلوہ گر ہونگی۔  فوٹو: فائل

میوزک بیٹ پر اسٹیپ اٹھانے کی تربیت بھی لے رہی ہوں، گفتگو، اداکارہ نئی تیلگو فلم ’’سدھیر ورما نیکسٹ ‘‘ میں بھی جلوہ گر ہونگی۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کریتی سینن نے مختلف اقسام کے رقص میں مہارت حاصل کرنے کے لیے تربیت لینا شروع کردی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق فلم ’’ ہیرو پینٹی ‘‘ سے شہرت یافتہ اداکارہ کریتی سینن رقص سیکھنے میں وقت گزار رہی ہیں وہ ان دنوں رقص کی اقسام ’’ سالسا‘‘ اور ’’ بال روم ‘‘ کی خصوصی تربیتی کلاسیں لے رہی ہیں تاکہ ان رقص کی اقسام میں مہارت حاصل کرلیں۔ اس موقع پر کریتی سینن نے کہا کہ ایک اداکارہ کے لیے اداکاری کے ساتھ  رقص میں بھی ماہر ہونا بے حد ضروری ہے۔ اداکارہ کی اگلی فلم ’’ سنگھ از بلنگ ‘‘ ہوگی جس میں اکشے کمار ان کے ہیرو ہونگے اور فلم کی عکسبندی کا آغاز جلد ہی ہوجائیگا۔

اس تناظر میں کریتی نے بتایا کہ وہ نئی فلم ’’سنگھ از بلنگ ‘‘ میں اکشے کمار کے مقابل ہیروئن آ رہی ہیں اور اس میں ان کے کردار کے مطابق ڈانس  سیکھ رہی ہوں‘ میں چاہتی ہوں کے اس کردار کو ممکن حد تک بہترین طریقے سے سرانجام دوں اسی لیے آج کل ڈانس کی مختلف اقسام کی تربیت لے رہی ہوں۔ اداکارہ نے مزید بتایا کہ ان کے میوزیکل ٹیوٹر انھیں میوزک کی بیٹ پر اسٹیپ اٹھانے کی تربیت دے رہے ہیں کہ کیسے میوزک کی بیٹ سنتے ہی جسم کے کس حصے کو پہلے حرکت میں لانا ہے۔

اداکارہ سے متعلق اطلاعات ہیں کہ وہ خصوصی طور پر میوزک کی تیکنیک کو بہت غور سے سن رہی ہیں تاکہ وہ ڈانس میں اپنی پرفارمنس کو بہترین بنا سکیں۔ کریتی سینن نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز رواں برس ہی ایک تیلگو فلم ’’نینو کے ڈین ‘‘ سے کیا ہے‘ سائیکالوجی تھرلر اس فلم کو تیلگو ڈائریکٹر سوکومار نے بنایا ہے‘ اس کے بعد حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’’ہیرو پینٹی‘‘ میں بھی کریتی سینن نے مرکزی کردار ادا کیا ہے‘ اس فلم کو ساجد ناڈیاوالا نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ ان دنوں وہ اپنی دوسری بالی ووڈ فلم ’’سنگھ از بلنگ ‘‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں جب کہ وہ ایک اور تیلگو فلم ’’سدھیر ورما نیکسٹ ‘‘ میں بھی جلوہ گر ہونگی یہ فلم آئندہ برس 2015ء میں ریلیز کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔