منہاج القرآن کو بھجوائے گئے 70 کروڑ روپے کے ٹیکس کی ادائیگی کا نوٹس معطل

ویب ڈیسک  پير 18 اگست 2014
ایف بی آر نے گزشتہ ماہ تحریک منہاج القرآن کو 70 کروڑ روپے ٹیکس کی ادائیگی کا نوٹس بھیجا تھا۔ فوٹو:فائل

ایف بی آر نے گزشتہ ماہ تحریک منہاج القرآن کو 70 کروڑ روپے ٹیکس کی ادائیگی کا نوٹس بھیجا تھا۔ فوٹو:فائل

لاہور: ہائی کورٹ نے منہاج القرآن کو بھجوائے گئے 70 کروڑ روپے کے ٹیکس کی ادائیگی کے نوٹس پر حکم امتناعی جاری کر دیا ہے۔

جسٹس عاقر محمود پر مشتمل لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے تحریک منہاج القرآن کی انتظامیہ کی جانب سے ایف بی آر کے بھیجے گئے 70 کروڑ روپے کے ٹیکس کی ادائیگی کے نوٹس کے خلاف درخواست کی سماعت کی، اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیاکہ منہاج القران ایک فلاحی ادارہ ہے اورخیراتی ادارے پر ٹیکس عائد نہیں ہوتا اس لئے ایف بی آر کا نوٹس کالعدم قراردیا جائے۔ فریقین کا موقف سننے کے بعد عدالت عالیہ نے  ایف بی آر کو منہاج القرآن سے ٹیکس کی کسی قسم کی بھی ریکوری سے روکتے ہوئے  متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو  فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے، کمشنر ان لینڈ ریونیو کے فیصلے تک نوٹسز معطل رہیں گے۔

واضح رہے کہ تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری ہیں اور ایف بی آر نے گزشتہ ماہ تحریک منہاج القرآن کو 70 کروڑ روپے ٹیکس کی ادائیگی کا ایک نوٹس بھیجا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔