عدالتی حکم عدولی کے مرتکب پولیس افسر کو جیل بھیج دیا گیا

اسٹاف رپورٹر  منگل 19 اگست 2014
اسلحہ ایکٹ کے الزام میں گرفتار مجرم محمد اکرم کو جرم ثابت ہونے پر 7 سال قید اور 40 ہزار روپے جرمانے کی سزا۔ فوٹو: فائل

اسلحہ ایکٹ کے الزام میں گرفتار مجرم محمد اکرم کو جرم ثابت ہونے پر 7 سال قید اور 40 ہزار روپے جرمانے کی سزا۔ فوٹو: فائل

کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ غربی صدرالدین بوہیو نے حکم عدولی اور غفلت لاپرائی برتنے پر تھانہ مومن آباد کے سب انسپکٹر اسلام الدین کو جیل بھیج دیا۔

تھانہ مومن آباد نے اپریل اور مئی میں اسلحہ ایکٹ اور منشیات رکھنے کے الزام میں 4 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا تھا اور مقدمات کی تفتیش سب انسپکٹر اسلام الدین کے سپرد کی گئی تھی، تفتیشی افسر نے ملزمان کو فاضل عدالت میں میں پیش کیا تھا، فاضل عدالت نے ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا اور پولیس افسر کو مقدمات کے چالان جمع کرانے کا حکم دیا تھا لیکن پولیس افسر چالان جمع کرانے میں ناکام رہا، فاضل عدالت نے متعدد بار نوٹس جاری کیے اور عدالت میں طلب کیا تاہم تفتیشی افسر نے عدالت میں پیش ہونے سے انکار کردیا۔

پولیس افسر کے غفلت لاپروائی کے باعث مقدمات التوا کا شکار ہوگئے تھے، فاضل عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے اور اس کی گرفتاری کا حکم دیا تھا لیکن عدالتی احکام کو نظرانداز کردیا تھا، عدالت کی اجنبس ے ایس ایس پی کو تحریری طور پر کارروائی کرنے کیلیے بھی احکام جاری کیے تاہم اعلیٰ افسر کی جانب سے بھی کوئی جواب داخل نہیں کیا گیا۔

پیر کو پولیس افسر ایک اور مقدمے میں عدالت میں پیش ہوا، اس موقع پر فاضل عدالت نے مذکورہ مقدمات کی بابت دریافت کیا تو تفتیشی افسر عدالت کو مطمئن نہیں کرسکا، علاوہ ازیں اسسٹنٹ سیشن جج شرقی ثروت سلطانہ نے اسلحہ ایکٹ کے الزام میں گرفتار مجرم محمد اکرم کو جرم ثابت ہونے پر 7 برس قید اور 40 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی،مجرم کو جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید ایک ماہ جیل میں رہنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔