چیئرمین بورڈ نے شکست خوردہ ٹیم کی ہمت بڑھادی

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 20 اگست 2014
سری لنکا سے ٹیسٹ میچز کی ناکامی بھلا کر ون ڈے سیریز میں عمدہ پرفارمنس کی تلقین۔ فوٹو: فائل

سری لنکا سے ٹیسٹ میچز کی ناکامی بھلا کر ون ڈے سیریز میں عمدہ پرفارمنس کی تلقین۔ فوٹو: فائل

لاہور: نومنتخب چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے فون کرکے سری لنکا میں موجود شکست خوردہ ٹیم کی ہمت بڑھا دی۔

کپتان مصباح الحق، ہیڈ کوچ وقار یونس اور منیجر معین خان سمیت مینجمنٹ کے ارکان کو ٹیسٹ میچز کی شکست بھلا کر ون ڈے سیریز میں عمدہ پرفارمنس کی تلقین کردی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو بلامقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب ہونے والے شہریار خان نے چارج سنبھالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مصباح الحق کو ورلڈ کپ 2015 تک برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا، انھوں نے ٹیسٹ سیریز میں شکست کے باوجود ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ کے امکانات بھی مسترد کردیے تھے، ان کا کہنا تھا کہ صرف 2 میچز ہارنے پر تبدیلیوں کی باتیں کرنا درست نہیں ہوگا۔

گذشتہ روز شہریار خان نے کپتان مصباح الحق، ہیڈکوچ وقار یونس، منیجر معین خان سمیت مینجمنٹ کے ارکان سے فون پر بات کرتے ہوئے ٹیم کا حوصلہ بڑھایا، سری لنکا میں موجود آفیشلز اور کھلاڑیوں نے انھیں چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بورڈ میں استحکام آنے کے بعد پاکستان کرکٹ روشن مستقبل کی طرف گامزن ہوگی۔

ذرائع کے مطابق شہریار خان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچز میں شکست کا صدمہ دل سے لگانے کے بجائے ٹیم کو ون ڈے سیریز میں بہترین کارکردگی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی، اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے آئندہ مقابلوں میں توقعات پر پورا اترنے کیلیے سخت محنت کریں۔ انھوں نے کھلاڑیوں کو پیغام دیا کہ ناکامی اورڈراپ کیے جانے کا خوف دل سے نکال کر مثبت ذہن کے ساتھ میدان میں اتریں، ورلڈ کپ کیلیے متوازن اسکواڈکی تشکیل پیش نظر رکھتے ہوئے کسی کو ایک یا 2 میچز میں پرفارمنس کی بنیاد پر فارغ نہیں کیا جائے گا، کھلاڑیوں کا بھی فرض ہے کہ قومی جذبے کے ساتھ کھیلتے ہوئے اعتماد پر پورا اتریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔