نیوہیون ٹینس؛ سارا کی ہمت پہلے ہی مرحلے میں جواب دے گئی

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  بدھ 20 اگست 2014
نیو ہیون ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں کینیڈین اسٹار ایوگینی بوچارڈ ریٹرن شاٹ کھیل رہی ہیں، انھوں نے سربین حریف بوجانا جووانوسکی کو شکست دے کر پُراعتماد آغاز کیا، ومبلڈن فائنلسٹ ٹائٹل پانے کیلیے پُرعزم ہیں۔  فوٹو: اے ایف پی

نیو ہیون ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں کینیڈین اسٹار ایوگینی بوچارڈ ریٹرن شاٹ کھیل رہی ہیں، انھوں نے سربین حریف بوجانا جووانوسکی کو شکست دے کر پُراعتماد آغاز کیا، ومبلڈن فائنلسٹ ٹائٹل پانے کیلیے پُرعزم ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

نیوہیون / ونسٹن سیلم / امریکا: ومبلڈن فائنلسٹ ایوگینی بوچارڈ اور کیرولین ووزینسکی نے نیوہیون ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں قدم رکھ دیے۔

سارا ایرانی کی ہمت پہلے ہی مرحلے میں جواب دے گئی، دفاعی چیمپئن سیمونا ہالیپ اور گذشتہ برس کی رنر اپ پیٹرا کیوٹوا اپنے سفر کا آغاز دوسرے راؤنڈ سے کریں گی، کامیابی کی صورت میں انھیں کوارٹر فائنل میں جگہ مل جائے گی، ونسٹن سیلم اے ٹی پی ایونٹ میں 5 سیڈ گارشیا لوپز اور 15ویں سیڈنگ پانے والے فن لینڈ کے جارکونمینن نے دوسرے راؤنڈ کے میچزجیت لیے۔

تفصیلات کے مطابق یوایس اوپن وارم اپ ایونٹ نیوہیون ویمنز ٹینس میں تھرڈ سیڈ ایوگینی بوچارڈ نے سربیا کی بوجانا جووانوسکی کو 52 منٹ کے کھیل میں باآسانی6-1 اور6-1 سے شکست دے دی، اس فتح کے ساتھ ہی ورلڈ نمبر 8 بوچارڈ کی تین میچز میں ناکامی کا سلسلہ بھی رک گیا،انھوں نے میچ کے ابتدائی7 پوائنٹس جیت کر پہلے سیٹ میں 5-0 سے برتری لی، پھر دوسرے سیٹ کا پہلا گیم بھی اپنے نام کیا، ان کی سروس 6 مرتبہ بریک ہوئی اور انھوں نے 6 میں سے پانچ بریک پوائنٹس بھی بچائے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بوچارڈ نے کہا کہ میں ومبلڈن کے وقت سے زیادہ فٹ نہیں تھی، مجھے کچھ مسائل کا سامنا رہا لیکن خوشی ہے کہ یہاں کامیاب رہی،اب امید ہے کہ رواں ہفتے مزید فتوحات میرے اعتماد کو تقویت بخشیں گی، انھوں نے کہا کہ میں اس مقابلے میں اپنے کھیل کا بلند معیار قائم رکھنے میں کامیاب رہی، یہ ومبلڈن کے فائنل میں شکست کے بعد پہلی فتح بنی، میں اس سلسلہ کو جاری رکھنا چاہوں گی۔ کینیڈین اسٹار کا اگلا مقابلہ 2011 کی یوایس اوپن چیمپئن سمانتھا اسٹوسر سے ہوگا۔

جنھوں نے پہلی آزمائش میں جاپانی حریف کرومی نارا کو اعصاب شکن مقابلے میں 7-6(7/5) ، 6-7 (10/12) اور 6-2 سے قابو کیا۔ اسپین کی گاربین مگروزا نے7سیڈ اطالوی پلیئر سارا ایرانی کو 6-2 ، 3-6 اور6-1 سے اپ سیٹ شکست دے دی، سارا رواں برس فرنچ اوپن کی فائنلسٹ رہی تھیں، رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے گذشتہ برس فائنل میں پیٹرا کیوٹوا کو ہراکر یہاں چیمپئن بننے کا اعزاز پایا تھا، اس مرتبہ ہالیپ ٹاپ اورکیوٹوا سیکنڈ سیڈ مقرر ہوئیں، دونوں پلیئرز اپنے سفر کا آغاز دوسرے راؤنڈ سے کریں گی۔

ہالیپ کا مقابلہ ریبریکووا  جبکہ کیوٹواکاایکٹرینا ماکارووا سے ہوگا،قبل ازیں دیگر میچز میں پینگ شوئی نے الینا سویٹولینا کو6-4 اور 6-3 سے زیر کرلیا، باربورا زالووا نے بیلینڈا بینسک کو6-4، 5-7 اور6-3 جبکہ میگڈیلینا ریبریکووا نے سلویا سولر کو6-4 اور 6-3 سے ہرایا، کرسٹن فلپکنز نے میساکی ڈوئی کو 6-3 ، 4-6 اور6-2 سے قابوکیا، کیرولین گارشیا نے ایرینا بیگو کو 7-6 (7/4) ، 7-6 (7/4) سے ٹھکانے لگایا، جرمن پلیئر آندریا پیٹکوووک نے ڈومنیکا سبولکووا کو 7-6 (7/2) اور6-3 سے ہرایا، ڈینش اسٹار کیرولین ووزینسکی نے سوئٹزرلینڈ کی ٹیمیا بیسینزسکی کو 4-6،6-1 اور6-2 سے مات دی۔

دوسری جانب ونسٹن سیلم اے ٹی پی ایونٹ میں 5 سیڈ گارشیا لوپز نے جرمن حریف ڈسٹن براؤن کو6-7 (5/7) ، 6-2 اور6-2 سے شکست دیکرتیسرے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی، 15ویں سیڈنگ پانے والے فن لینڈ کے جارکونمینن نے بینجمن بیکر کو 7-5 اور6-4 سے زیر کرلیا، فرسٹ راؤنڈ کے میچز میں سام کیورے نے اسپین کے پیری ریبا کو ہرایا، پال ہنری میتھیو نے رابی گنیپری، جیرزی جینووچ نے کارلوس بیرلوک اور ڈیوڈ گوفن نے جرگن میلزر کو ٹھکانے لگا دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔