نیو ہیون ٹینس؛ سیمونا ہالیپ کیلیے آغاز ہی انجام بن گیا

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 21 اگست 2014
ونسٹن سیلم مینز ایونٹ میں روبریڈو اور مائر دوسرے مرحلے میں حوصلہ ہارگئے، مہاٹ، گوفن اوراسنرکی پری کوارٹر فائنل میں رسائی۔  فوٹو: اے ایف پی/فائل

ونسٹن سیلم مینز ایونٹ میں روبریڈو اور مائر دوسرے مرحلے میں حوصلہ ہارگئے، مہاٹ، گوفن اوراسنرکی پری کوارٹر فائنل میں رسائی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

نیوہیون / ونسٹن سیلم: نیوہیون اوپن ٹینس میں ٹاپ سیڈ سیمونا ہالیپ کیلیے آغاز ہی انجام بن گیا، دوسرے راؤنڈ سے سفر شروع کرنے والی دفاعی چیمپئن کو سلواکین پلیئر میگڈیلینا ریبریکووا نے واپسی کا پروانہ تھما دیا۔

ایلسون ریسکی نے فلاویا پنیٹا کو اپ سیٹ شکست دی، ونسٹن سیلم مینز ٹینس میں تھرڈ سیڈ ٹومی روبریڈو اور لیونارڈو مائر دوسرے مرحلے میں حوصلہ ہارگئے، نکولس مہاٹ اور ڈیوڈ گوفن کے ساتھ ٹاپ سیڈ جون اسنر نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ تفصیلات کے مطابق نیوہیون ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن اور ٹاپ سیڈ سیمونا ہالیپ پہلی ہی آزمائش میں ناکام ہوگئیں، انھیں سلواکین پلیئر ریبریکووا نے6-2 ،4-6 اور 6-3 سے مات دے کرکوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، اس مقابلے میں دفاعی چیمپئن ہالیپ کی سروس 6 مرتبہ بریک ہوئی جبکہ ریبریکووا نے 14 میں سے 10 بریک مواقع بچاتے ہوئے کامیابی کو مقدر بنایا۔

سیکنڈ سیڈ پیٹرا کیوٹوا نے پہلے مقابلے میں روسی حریف ایکٹرینا ماکارووا کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-2 اور6-1 سے ہراکر راؤنڈ 8 میں قدم رکھ دیا، انھیں یہ مقابلہ جیتنے میں محض 48 منٹ لگے، ان سیڈڈ الیسون ریسکی ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی پہلی پلیئر بنیں، انھوں نے 6 سیڈ فلاویا پنیٹا کو6-1اور 7-6(7/3) سے اپ سیٹ شکست دی،ابتدائی سیٹ میں باآسانی کامیابی ملنے کے بعد ریسکی کو دوسرے سیٹ میں پنیٹا کی جانب سے بھرپور مزاحمت کا سامنا رہا اور فیصلہ ٹائی بریکر پر ہوا، 94 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں ریسکی نے پانچوں بریک پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے 8 ایسز بھی لگائیں۔

کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی واحد امریکی پلیئر بننے پر بہت فخر محسوس کررہی ہوں، مجھے امید ہے کہ اس سے بھی آگے پہنچ پاؤں گی، ریسکی نے ابتدائی معرکے میں کیسی ڈیلوکا کو زیر کیا تھا لیکن اب سیمی فائنل میں پہنچنے کیلیے انھیں ریبریکووا کے چیلنج کا سامنا ہوگا، جمہوریہ چیک کی باربورا زالووا اسٹرائیکووا نے فرنچ حریف کیرولین گارشیا کو 7-5 اور 6-2 سے قابو کرلیا۔

دوسری جانب ونسٹن سیلم مینز ٹینس ایونٹ میں فرانس کے نکولس مہاٹ نے تھرڈ سیڈ اسپینش پلیئر ٹومی روبریڈو کی چھٹی کردی، انھوں نے6-1 اور 7-6(7/0) سے فتح سمیٹتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، فورتھ سیڈ ارجنٹائن کے لیونارڈو مائر بھی حوصلہ ہارگئے، انھیں بیلجیئم کے ڈیوڈ گوفن نے 6-3 اور 6-1 سے ہرایا، پولش پلیئر جیرزی جینووچ نے پیراگوئے کے جوآؤ سوسا کو 6-1، 3-6 اور 7-6 (7/5) سے ٹھکانے لگا دیا۔

ٹاپ سیڈ جون اسنر نے بریڈلے کیلن کو 7-6(7/5) اور6-2 جبکہ سیکنڈ سیڈ کیون اینڈرسن نے ایڈرین مینارینو کو 6-3، 2-6 اور6-4 سے مات دے کر راؤنڈ 16 میں جگہ بنائی،7 سیڈ جمہوریہ چیک کے لوکاس روسول نے امریکی حریف ریان ہیریسن پر غلبہ پالیا، ہیریسن انجرڈ ہونے کی وجہ سے مقابلہ مکمل نہیں کرپائے، میچ کا اسکور3-6 اور2-1 رہا، 8 سیڈ مارسیل گرینولرز نے پال ہنری میتھیو کو 6-3 اور 6-3 جبکہ 9 سیڈ چائنیز تائپے کے لو ین ہوشن نے سلواکین حریف بلاز رولا کو 6-4 اور 7-5 سے مات دے دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔