غزہ میں اسرائیلی سفاکیت جاری، بمباری سے حماس کے 3 رہنماؤں سمیت 8 فلسطینی شہید

ویب ڈیسک  جمعرات 21 اگست 2014
اسرائیل کی جانب سے 8 جولائی سے غزہ میں شروع کی جانے والی جارحیت میں اب تک 2050 کے قریب فلسطینی ہو چکے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

اسرائیل کی جانب سے 8 جولائی سے غزہ میں شروع کی جانے والی جارحیت میں اب تک 2050 کے قریب فلسطینی ہو چکے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

غزہ سٹی: غزہ میں اسرائیلی بمباری سے آج بھی حماس کے 3 رہنماؤں سمیت 8 فلسطینی شہید جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صیہونی فوج نے غزہ سٹی میں مصر کی سرحد سے متصل رفاح  میں علی الصبح بمباری کی جس کے نتیجے میں حماس کے 3 رہنماؤں سمیت 8 فلسطین شہید جب کہ متعدد زخمی ہو  گئے۔ اسرائیل نے رفاح میں ایک 4 منزلہ عمارت کو نشانہ بنایا جو مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر ہو گئی۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے بمباری کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جہان انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب حماس نے غیر ملکی پر ایئر لائنز کو خبر دار کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے لئے اپنا فلائٹ آپریشن بند کر دیں ورنہ جانی و مالی نقصان کے ذمہ دار  وہ خود ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسرائیلی افواج نے غزہ سٹی میں حماس کے ایک کمانڈر  کے گھر پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں ان کی اہلیہ اور بچے سمیت 6 فلسطینی شہید ہو گئے تھے جب کہ حماس کے رہنما حملے میں محفوظ رہے تھے۔ اسرائیل کی جانب سے 8 جولائی سے شروع کی جانے والی جارحیت میں اب تک 2 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جب کہ 10 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ حماس کی جوابی کارروائی میں اب تک 66 اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔