جنوبی افریقا نے زمبابوے کو تیسرے ایک روزہ میچ میں بھی شکست دیکرسیریز اپنے نام کرلی

ویب ڈیسک  جمعرات 21 اگست 2014
جنوبی افریقا کی جانب سے مارچند ڈی لانگے نے 3 جبکہ کیلی ایبٹ اور وائن پارنیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔  فوٹو؛ اے ایف پی

جنوبی افریقا کی جانب سے مارچند ڈی لانگے نے 3 جبکہ کیلی ایبٹ اور وائن پارنیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو؛ اے ایف پی

بلاوایو: جنوبی افریقا نے کمزور زمبابوے کو تیسرے ایک روزہ میچ میں بھی 7 وکٹوں سے شکست دے کر  سیریز  0-3 سے اپنے نام کرلی۔

زمبابوے کے دورے پر آئی ہوئی جنوبی افریقن ٹیم نے 3 ایک روزہ میچز میں زمبابوین ٹیم کو تختہ مشق بنائے رکھا اور تیسرے میچ میں بھی پروٹیز نے باآسانی میزبان ٹیم کو شرمندہ کردیا۔ سیریز کے آخری میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان فاف ڈپلوسی نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم 39.5 اوور میں 165 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ زمبابوے کی جانب سے کپتان ایلٹن چیگمبورا 90 اور سکندر رضا 30 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے جب کہ 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے،جنوبی افریقا کی جانب سے مارچند ڈی لانگے نے 3 جبکہ کیلی ایبٹ اور وائن پارنیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

166 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے ہی اوور میں ریلی روسو بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ڈی کوک اور فاف ڈپلوسی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ پر 73 رنز کی شراکت قائم کی۔ جنوبی افریقا نے ڈی کوک کے برق رفتار 84 رنز کی بدولت 27.2 اوورز میں ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔

میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر پروٹیز اوپنر بلے باز ڈی کوک کو بہترین کھلاڑی سمیت سیریز کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔