علمائے کرام امن و امان کے قیام میں کردار ادا کریں، آئی جی سندھ

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 22 اگست 2014
شہر میں امن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، فرقہ واریت کے مقدمات کی تفتیشی رپورٹ طلب۔ فوٹو: فائل

شہر میں امن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، فرقہ واریت کے مقدمات کی تفتیشی رپورٹ طلب۔ فوٹو: فائل

کراچی: تمام مکاتب فکر کے علما اور مذہبی رہنماؤں پر مشتمل پولیس رینج اور ضلعوں کی سطح پر امن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ سماج دشمن عناصر کی جانب سے پیدا کی جانے والی ممکنہ غلط فہمیوں کا ازالہ ہوسکے، علمائے کرام امن و امان کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بات آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے جمعیت علمائے اسلام کے قاری عثمان کی سربراہی میں آنے والے 8 رکنی وفد سے مرکزی پولیس دفتر میں ملاقات کے دوران کہی، انھوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں علمائے کرام اور شہریوں کی بھی اہم ذمے داریاں ہیں، علمائے اکرام اور مذہبی رہنما بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی یقینی بناکر پولیس کی معاونت کریں، آئی جی نے پولیس حکام کو رواں سال فرقہ واریت کے حوالے سے درج مقدمات کی تفتیش میں پیش رفت کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تفتیش میں تیزی لائی جائے اور ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔