یوتھ اولمپکس ہاکی میں پاکستان کا شاندار کم بیک، کیویز سے مقابلہ برابر

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 22 اگست 2014
کل کوارٹر فائنل میں کینیڈا سے ٹکراؤ ہوگا۔   فوٹو: فائل

کل کوارٹر فائنل میں کینیڈا سے ٹکراؤ ہوگا۔ فوٹو: فائل

نینجنگ: یوتھ اولمپکس ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 5 گول کے خسارے میں جانے کے باوجود نیوزی لینڈ سے مقابلہ 6-6 سے برابرکرلیا، محمد عتیق اورشان ارشد نے 2،2 گول کیے۔

ناقابل شکست ٹیم کا کوارٹر فائنل میں ہفتے کو کینیڈا سے مقابلہ ہوگا، دیگر میچز میں اسپین کی ٹیم زیمبیا سے ٹکرائے گی، آسٹریلیا کو میکسیکو کا چیلنج درپیش ہوگا جبکہ نیوزی لینڈ کا سامنا جنوبی افریقہ سے ہونا ہے۔ جمعرات کو گروپ میچز کے آخر روزجرمنی نے میکسیکو کو 4-2 سے مات دی، اسپین نے جنوبی افریقہ کو 6 گول سے زیر کیا اور آسٹریلیا نے کینیڈا کو5-2 سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق چین میں جاری یوتھ اولمپکس گیمز میں پاکستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔

گذشتہ 3 میچز میں فتوحات کے بعد گذشتہ روز اس کا سامنا نیوزی لینڈ سے تھا، گرین شرٹس ابتدائی لمحات میں انتہائی دباؤ میں دکھائی دیے، حریف ٹیم نے پے در پے حملے کرتے ہوئے صرف 14 منٹ کے کھیل میں 5 گول کی برتری حاصل کرلی، اس موقع پر تصور کیا جا رہا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی میچ میں واپسی کاکوئی امکان باقی نہیں رہا لیکن کھلاڑیوں نے اسے غلط ثابت کر دیا، 15 ویں منٹ میں محمد عتیق کے گول کی بدولت ٹیم نے کھاتا کھولا، 2 منٹ بعد شان ارشد نے خوبصورت انداز میں گیندکوگول پوسٹ میں پھینک دیا،۔

صرف ایک منٹ بعد حریف سائیڈ نے گول کرتے ہوئے مقابلہ 6-2 کیا، پاکستان نے ایک بارپھر نیوزی لینڈ کے گول پوسٹ پر دھاوا بولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے صرف4 منٹ کے دوران اتنے ہی گول داغ کر مقابلہ 6-6 سے برابر کردیا، بعدازاں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی، پاکستان کی جانب سے محمد عتیق اور شان ارشد نے 2,2 جبکہ جنید کمال اور مدثر علی نے ایک، ایک گول کیا۔ نیوزی لینڈ سے مقابلہ برابر کرنے پر پاکستانی ٹیم کو گروپ بی میں دوسری پوزیشن ملی، 10,10 پوائنٹس برابر ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کو صرف ایک گول کے فرق نے ٹاپ پوزیشن پر براجمان کردیا۔ اسی گروپ کے دوسرے میچ میں جرمنی کی ٹیم میکسیکو کو 4-2 سے ہرانے کے باوجود کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل نہ کرسکی۔

گروپ اے میں اسپین نے جنوبی افریقہ کو 6 گول سے مات دے  کر مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی، آسٹریلیا نے کینیڈا کو 5-2 سے ہرایا، گروپ میچز مکمل ہونے کے بعد اسپین نے پہلی، آسٹریلیا نے دوسری ، کینیڈا نے تیسری اورجنوبی افریقہ نے چوتھی پوزیشن پاتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

راؤنڈ 8 کے مقابلے ہفتے کو ہوں گے، پاکستان کا مقابلہ کینیڈا، اسپین کا زیمبیا، آسٹریلیا کا میکسیکواورنیوزی لینڈ کا جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ یادرہے کہ جاری یوتھ اولمپکس گیمز کے ہاکی ایونٹ میں دنیا بھر کی 10 ٹیمیں شریک ہوئیں، انھیں 5,5 کے 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا، گروپ اے سے بنگلہ دیش اور گروپ بی سی جرمنی کی ٹیمیں آخری پوزیشن پر رہنے کی وجہ سے باہر ہوگئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔