سینیٹ میں بھی وزیراعظم کے استعفے اور اسمبلیوں کی تحلیل کے خلاف قرارداد منظور

ویب ڈیسک  جمعـء 22 اگست 2014
پیپلز پارٹی  کے سینیٹر سعید غنی نے آئین و قانون کی بالادستی کے لئے قرارداد پیش کی فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے آئین و قانون کی بالادستی کے لئے قرارداد پیش کی فوٹو: فائل

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی وزیراعظم کے استعفے اور اسمبلیوں کی تحلیل کے خلاف قرارداد منظورکرلی ہے۔

چیئرمین سید نیئر حسین بخاری کی سربراہی میں سینیٹ کا اجلاس ہوا تو ایوان کے ارکان نے ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اس دوران پیپلز پارٹی  کے سینیٹر سعید غنی نے آئین و قانون کی بالادستی کے لئے قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم کے استعفے اور اسمبلیوں کی تحلیل کے مطالبے غیر آئینی ہیں۔ آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کی خود مختاری کو یقینی بنایا جائے۔ بعد ازاں سینیٹ نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کرلی۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے بھی گزشتہ روز آئین اور قانون کی بالادستی کے حق میں ایک متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کے استعفے اور اسمبلیوں کی تحلیل کے مطالبے کو مسترد کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔