بلدیہ عظمیٰ کے منظور شدہ مقامات کے علاوہ بکرا منڈی لگانے پر پابندی عائد

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 23 اگست 2014
جگہ جگہ منڈیوں کے قیام سے ٹریفک کی روانی متاثر اور گندگی پھیلتی ہے، شہری عارضی منڈیوں سے جانور نہ خریدیں، رؤف فاروقی  فوٹو: ایکسپریس/فائل

جگہ جگہ منڈیوں کے قیام سے ٹریفک کی روانی متاثر اور گندگی پھیلتی ہے، شہری عارضی منڈیوں سے جانور نہ خریدیں، رؤف فاروقی فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے بلدیہ عظمیٰ کی حدود میں حکومت کی منظور کردہ جگہوں کے علاوہ عارضی طور پر قائم کی جانے والی تمام بکرا پیڑی اور مویشی منڈیوں پر پابندی لگا دی ہے اور ہدایت کی ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میں کسی بھی عارضی بکرا منڈی یا مویشی منڈی کی تحریری اجازت حاصل کی جائے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت کی منظور کردہ جگہوں کے علاوہ شہر کے کسی بھی دیگر مقام پر عارضی بکرا پیڑی یا مویشی منڈی نہیں لگائی جاسکتی ایسا کرنے والوں کے خلاف انسداد تجاوزات کے قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے سینئر ڈائریکٹر ای اینڈ آئی پی کو ہدایت کی کہ ان کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ بعض لوگ اندرون شہر بکرا پیڑیاں قائم کرکے شہر کے ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں، جگہ جگہ مویشی منڈیوں کے قیام سے نہ صرف ٹرانسپورٹ میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے بلکہ شہر میں گندگی سے ماحول خراب ہوتا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اندرون شہر قائم ہونے والی عارضی منڈیوں کی حوصلہ شکنی کریں اور ان سے جانور نہ خریدیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔