پی سی بی نے ڈاکٹر کو بھی برسبین بھیجنے کا فیصلہ کرلیا

اسپورٹس ڈیسک / اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 23 اگست 2014
مصباح الحق کو اسٹار آف اسپنر کی عدم موجودگی میں ٹیم کی فکر ستانے لگی۔ فوٹو: فائل

مصباح الحق کو اسٹار آف اسپنر کی عدم موجودگی میں ٹیم کی فکر ستانے لگی۔ فوٹو: فائل

کولمبو / لاہور: پاکستانی کپتان مصباح الحق  کو اسپنر سعید اجمل کی عدم موجودگی میں ٹیم کی فکر ستانے لگی، بولنگ ایکشن کی جانچ کیلیے اسپنر ہفتے کی شب کولمبو سے آسٹریلیا روانہ ہوں گے۔

پی سی بی نے معاونت کیلیے ڈاکٹر سہیل سلیم کو بھی بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعید اجمل کے بولنگ ایکشن پر پاک سری لنکاگال ٹیسٹ کے دوران فیلڈ امپائرز ای ین گولڈ اور بروس اوکسنفورڈ نے اعتراض کیا، میچ آفیشلز کا کہنا تھا کہ آف اسپنر کی کم سے کم 30 گیندیں مشکوک نظر آئیں جو ایک پریشان کن تعداد ہے۔ رپورٹ منیجر معین خان کے حوالے کرکے آئی سی سی حکام نے واضح کیا تھا کہ انھیں اپنے ایکشن کی کلیئرنس کیلیے ٹیسٹ سے گزرنا پڑے گا۔

سعید اجمل اس مقصد کیلیے ہفتے کی شب کولمبو سے آسٹریلیا روانہ ہو رہے ہیں جہاں برسبین میں آئی سی سی کے نامزد کردہ نئے مرکز میں بائیو مکینک ٹیسٹ سے ان کے بولنگ ایکشن کا جائزہ لیا جائے گا، آف اسپنر ہفتے کے روز میزبان سری لنکا کیخلاف سیریز کا پہلا ون ڈے میچ نہیں کھیل پائیں گے، توقع ہے کہ ٹیسٹ ایک دن میں مکمل ہوجائے گا لیکن اگر ماہرین نے مزید ٹیسٹ  کیلیے انھیں روک لیا تو وہ 27 اگست کو شیڈول دوسرا میچ بھی نہیں کھیل پائیں گے۔

منیجر معین خان کا کہنا ہے کہ آف اسپنر کا ٹیسٹ 25 اگست کو ہونا ہے،ان کی دوسرے میچ سے ایک روز قبل واپسی کیلیے پُر امید ہیں، دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کا جائزہ لینے کیلیے ڈاکٹر سہیل سلیم کو آسٹریلیا روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے کپتان مصباح الحق نے کہاکہ سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، یہ دیگر بولرز کیلیے موقع ہے کہ وہ آف اسپنر کا خلا پُرکرنے کیلیے صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کریں۔انھوں نے امید ظاہر کہ دیگر اسپنرز سخت محنت کرتے ہوئے سعید اجمل کی کمی محسوس نہیں ہونے دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔