ہاکی ٹیم کا دورۂ اسپین ویزہ مسائل کے سبب منسوخ 

ایشین گیمز کی تیاریوں کیلیے پلیئرز اب اسلام آباد میں 4 ٹیموں پر مشتمل ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کھیلیں گے، قبل ازوقت کوریا بھیجنے کی تجویز بھی زیر غور۔  فوٹو : فائل

ایشین گیمز کی تیاریوں کیلیے پلیئرز اب اسلام آباد میں 4 ٹیموں پر مشتمل ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کھیلیں گے، قبل ازوقت کوریا بھیجنے کی تجویز بھی زیر غور۔ فوٹو : فائل

لاہور: قومی ہاکی ٹیم کا دورۂ اسپین ویزہ مسائل کے سبب منسوخ کر دیا گیا، ایشین گیمز کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کیلیے پلیئرز اب اسلام آباد میں 4 ٹیموں پر مشتمل ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کھیلیں گے، اسکواڈ کو قبل ازوقت کوریا بھیجنے کی تجویز بھی زیر غور ہے جہاں ایونٹ میں شرکت کیلیے آنے والی دیگر ٹیموں سے پریکٹس میچز کا انعقاد کیا جائے گا۔ 

ذرائع کے مطابق گذشتہ روز پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد علی اور چیف کوچ شہناز شیخ کی نیشنل اسٹیڈیم لاہور میں ملاقات ہوئی، اس موقع پر ویزہ مسائل کی وجہ سے قومی ٹیم کے اسپین نہ جانے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، ہیڈ کوچ نے اسلام آباد میں 4 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز دی جسے سیکریٹری فیڈریشن نے منظور کر لیا۔

ایشین گیمز کا حصہ بننے والے کھلاڑی کوریا جانے سے پہلے یکم ستمبر سے 4 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں شریک ہوں گے،قومی کھلاڑیوں کی2 ٹیمیں بنائی جائیں گی جنھیں پاکستان وائٹس اور گرینز کا نام دیا جائے گا، دیگر 2 ٹیموں میں آرمی اور نیوی شامل ہوں گی۔ ٹیم مینجمنٹ نے پی ایچ ایف سے ایونٹ سے کچھ عرصے قبل کوریا روانگی یقینی بنانے کے ساتھ پریکٹس میچز کے انعقاد کی بھی درخواست کی جس تسلیم کر لیا گیا۔

دریں اثنا چیف کوچ شہناز شیخ کا کہنا ہے کہ گوکہ گذشتہ 11 ماہ سے قومی ٹیم انٹرنیشنل مقابلوں سے دور ہے اس کے باوجود میں پُرامید ہوں کہ ایشین گیمز کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہو جائے گی۔ نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ پاکستان کے گروپ میں بھارت اور چین بھی شامل ہیں، ان سے سخت مقابلے کی توقع ہے، انھوں نے کہا کہ ایشین گیمزکے گروپس کا اعلان ہو چکا، اب میچز کے شیڈول کا انتظار کررہے ہیں جس کے بعد ہر ٹیم کیخلاف حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

شہناز شیخ نے کہا کہ ایشین گیمز میں غیر معمولی کھیل پیش کرنے والے پلیئرزکو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، قومی کھیل اس وقت جس صورتحال سے دوچار ہے اس میں بہتری کیلیے حصہ ڈالنے والوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ ایک سوال پر چیف کوچ نے کہا کہ ایشین گیمز میں ہر اسکواڈ 16 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوتا ہے اس لیے 2 کے بجائے ایک ہی گول کیپر پر انحصار کریں گے۔

عمران شاہ اور عمران بٹ دونوں اچھے کھلاڑی ہیں، ٹریننگ کیمپ میں والدہ کی علالت کی وجہ سے عمران شاہ آؤٹ آف فارم رہے اور پریکٹس میچز میں 37 گول کھائے جبکہ عمران بٹ کے خلاف 23 گول ہوئے، اسی لیے انھیں ترجیح دی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔