سپر لیگ کے سفید ہاتھی کو میٹھی نیند سلانے کی تیاری

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 23 اگست 2014
پی سی بی گورننگ بورڈ کا اہم اجلاس آج لاہور میں ہوگا، شرکا ڈومیسٹک کرکٹ اور دیگر امور کا بھی جائزہ لیں گے۔ فوٹو: فائل

پی سی بی گورننگ بورڈ کا اہم اجلاس آج لاہور میں ہوگا، شرکا ڈومیسٹک کرکٹ اور دیگر امور کا بھی جائزہ لیں گے۔ فوٹو: فائل

لاہور: پی سی بی کے گورننگ بورڈ کا اہم اجلاس ہفتے کو لاہور میں ہوگا،کئی بار کھٹائی  میں پڑنے والے سپر لیگ منصوبے کے سفید ہاتھی کو ایک بار میٹھی نیند سلانے کیلیے مشاورت کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین پی سی بی ذکااشرف نے پاکستان سپر لیگ کا انعقاد کرکے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کا خلا پُر کرنے کیلیے مہم کا آغاز کیا تھا، اس مقصد کیلیے آئی سی سی کے سابق چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگاٹ کی خدمات بھی حاصل کی گئیں، بورڈ میں عدم استحکام کی وجہ سے بیل منڈھے نہ چڑھ سکی، نجم سیٹھی نے بھی میوزیکل چیئر گیم کے دوران جب بھی عہدہ سنبھالا پی ایس ایل کے انعقاد کا نعرہ ضرور لگایا، جاتے جاتے بھی انھوں نے ایونٹ کے حقوق کی فروخت کیلیے بڈ کمیٹی بھی قائم کردی تھی، اب حالات اور شیڈول کو دیکھتے ہوئے اس سفید ہاتھی میں ایک بار پھر جان ڈالنا مشکل نظر آرہا ہے، ملین ڈالر منصوبہ ایک بار پھر ملتوی کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

پی سی بی کے نو منتخب چیئرمین شہر یار خان نے لاہور میں اپنی پہلی پریس کانفرنس میں ہی واضح کردیا تھا کہ جلد بازی میں کوئی کام کرنا نقصان دہ ہوسکتا ہے، اگر ادھورے انتظامات کے ساتھ ایونٹ کرانے کی کمزور مہم شروع کی گئی تو ساکھ خراب ہوگی، سری لنکا اور بنگلہ دیش اپنی لیگز کا تسلسل جاری نہیں رکھ سکے، ہمیں بھی ایسا ناکام تجربہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، انھوں نے اب سپر لیگ کے مستقبل کے حوالے سے حتمی فیصلے کیلیے گورننگ بورڈ کا اہم اجلاس ہفتے کو لاہور میں طلب کیا ہے جس میں اراکین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

نجم سیٹھی نے قومی ٹیم کی نیوزی لینڈ کیخلاف یو اے ای میں سیریز سے قبل ٹورنامنٹ کرانے کا ارادہ ظاہر کیا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اب ورلڈ کپ کے بعد ہی پی ایس ایل کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا جائے گا، اجلاس کے شرکا ڈومیسٹک کرکٹ اور بورڈ کے دیگر امور کا بھی جائزہ لیںگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔