اسلام آباد میں دھرنے کے دوران جوچیز سب سے زیادہ نماٰیاں نظرآتی ہے وہ ہیں کینٹینرز

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 اگست 2014
شپنگ کنٹینرز پاکستانی سیاست میں کلیدی حیثیت اختیار کرتے جارہے ہیں فائل فوٹو

شپنگ کنٹینرز پاکستانی سیاست میں کلیدی حیثیت اختیار کرتے جارہے ہیں فائل فوٹو

اسلام آباد: گزشتہ کئی روز سے پاکستانی میڈیا پر نظر آنے والے مظاہروں اور ان سے پرجوش خطاب کرتے رہنماؤں اور حکومت کی جانب سے راستوں کی بندش تک جو چیز سب سےزیادہ نمایاں اور مرکزی حیثیت اختیار کرتی نظرآتی ہے وہ ہیں شپنگ کنٹینرز۔

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان ہوں یا عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری جب خطاب کرتے ہیں تو بڑے بڑے اونچے اورلمبے کنٹینرز پر سوار نظرآتے ہیں اور جب انہیں آرام کرنا یا نئی منصوبہ بندی کرنا ہو تو بھی اسی کنٹینرز میں بیٹھ کر سارے کام انجام دیتے ہیں، اسی طرح حکومت بھی احتجاج کرنے والوں کو روکنے کے لیے انہی کنٹینرز کی مدد لینے پر مجبور ہے، دارالحکومت کی سڑکیں شپنگ کنٹینرز سے سجی نظر آئی ہیں لیکن ان کنٹینرز سے سب سے زیادہ تکلیف اسلام آباد کے شہریوں کو ہورہی ہے، یہاں لوگ دفاتر اور باہر جانے کے لیے لمبے راستے اختیار کر رہے ہیں اور کبھی کبھی تو راستہ نہ ملنے پرکئی گھنٹے گھومنے کے بعد ناکام گھروں کو لوٹ آتے ہیں۔

بظاہر ٹی وی اسکرین پر نظر آنی والی پرجوش تقاریر اور جشن مناتے تحریک انصاف اورعوامی تحریک  کے کارکنان کو دیکھ کر لگتا ہے کہ باقی اسلام آباد چین کی بانسری بجا رہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ دارالحکومت کے باسی اس احتجاج کےجلد ختم ہونے کی دعائیں مانگ رہے ہیں۔

اسی طرح رکاوٹوں کے لیے کھڑے کئے گئے کنٹینرز کچھ تو پولیس کی ملکیت ہیں جن پر واضح طور پر پولیس لکھا نظر آتا ہے تاہم کنٹینرز کی ایک بڑی تعداد پرائیویٹ مالکان سے نیم رضامندی پر حاصل کی گئی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اب جلسوں اور ریلیوں میں بھی کنٹینرز پر ہی اسٹیج بنایا جانے لگا ہے۔ سیاسی رہنما اسے محفوظ اور مضبوط اسٹیج قرار دیتے ہیں۔ موجودہ حالات کو دیکھ کر یوں کہا جا سکتا ہے کہ کنٹینرز مستقبل میں بھی پاکستانی سیاست میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔