مختص نشستوں سے زائد داخلوں پر میڈیکل کالجز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  پير 25 اگست 2014
طالب علم غیر رجسٹرڈ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ہرگز داخلہ نہ لیں، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

طالب علم غیر رجسٹرڈ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ہرگز داخلہ نہ لیں، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کے خواہش مند طالب علموں سے کہا ہے کہ وہ غیر رجسٹرڈ میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں ہرگز داخلہ نہ لیں۔

پی ایم ڈی سی صرف ان طالب علموں کی رجسٹریشن کرتی ہے جو پی ایم ڈی سی سے منظور شدہ میڈیکل وڈینٹل کالجوں سے تعلیم وتدریس کا عمل مکمل کرتے ہیں، پی ایم ڈی سی کے رجسٹرار نے والدین اور امیدواروں سے کہا ہے کہ وہ داخلہ لینے سے پہلے تصدیق کرلیں کہ میڈیکل و ڈینٹل کالج پی ایم ڈی سی سے منظور شدہ ہے یا نہیں، پی ایم ڈی سی نے طالب علموں کی سہولت کیلیے ادارے سے منظور شدہ کالجوں کی فہرست ویب سائٹ www.pmdc.org.pk پر بھی جاری کردی ہے۔

رجسٹرار کے مطابق کسی بھی غیرمنظور شدہ ادارے سے میڈیکل اور ڈینٹل کالج میں گریجویشن کرنے والوں کو پی ایم ڈی سی کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں کیاجائے گا، رجسٹرار پی ایم ڈی سی نے ایسے تمام میڈیکل اورڈینٹل کالجوں کی انتظامیہ کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے میڈیکل یا ڈینٹل کالجوں میں داخلے مختص کردہ نشستوں کے مطابق دیں، کسی بھی کالج نے مختص کردہ نشستوں سے زیادہ داخلے دیے تو ایسے طالب علموں کی رجسٹریشن نہیں کی جائے گی، واضح رہے کہ میڈیکل وڈٰینٹل کالجوں میں داخلوں کیلیے پی ایم ڈی سی نے نشستیں مختص کر رکھی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔