بھارت میں خاتون نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے حملہ کرنے والے چیتے کو مارڈالا

ویب ڈیسک  بدھ 27 اگست 2014
چیتے سے لڑائی میں کاملا کو کافی زخم آئے اور اس کے بائیں اور دائیں ہاتھ پر 2فریکچرز بھی ہوئے، ڈاکٹرز۔

چیتے سے لڑائی میں کاملا کو کافی زخم آئے اور اس کے بائیں اور دائیں ہاتھ پر 2فریکچرز بھی ہوئے، ڈاکٹرز۔

کہتے ہیں جب موت آنکھوں کے سامنے آجائے تو کمزور انسان میں بھی زندگی بچانے کےلیے بجلی کی سی قوت بھر جاتی ہے اور کبھی کبھی وہ ناممکن کو بھی ممکن کر دکھاتا ہے اور ایسا ہی کچھ ہوا بھارت میں جہاں خاتون نے ایک چیتے سے دلیرانہ مقابلہ کرتے ہوئے اسے مار کراپنی زندگی کی بازی جیت لی۔

بھارتی ریاست اترکھنڈ کے علاقے ردرا پریاگ کی رہنے والی کاملا دیوی پانی کی تلاش میں نکلی اور جب اسے پانی مل گیا تو عین اس وقت ایک چیتے نے اس پر حملہ کردیا، کاملا دیوی کے پاس چیتے سے لڑنے کے لیے صرف ایک بیلچہ اور درانتی تھی اوراسے لگا کہ اب وہ زندہ نہیں بچے گی۔ کاملا کا کہنا تھا کہ وہ آدھا گھنٹے تک چیتے سے لڑتی  رہی لیکن ہمت نہیں ہاری اور اس دوران بیلچے سے چیتے کے دو دانت توڑڈالے اور درانتی کے کئی وار بھی کئے جس میں سے ایک  وار اس کی گردن پر لگا جس کے بعد وہ گر گیا۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ چیتے سے لڑائی میں کاملا کو کافی زخم آئے اور اس کے بائیں اور دائیں ہاتھ پر 2فریکچرز بھی ہوئے جب کہ  اس کے سر اور ٹانگوں پر بھی گہرے زخم آئے اس کے علاوہ پورے جسم پر چیتے  کے کاٹنے کے نشانات بھی موجود ہیں تاہم کاملا اب روبہ صحت ہیں۔

کاملا کو اسپتال لانے والے شخص پنکج بست کا کہنا تھا کہ کاملا انتہائی بہادر خاتون ہے اس نے بہت دیر تک چیتے سے مقابلہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔