مقبوضہ کشمیر؛ بھارتی مظالم جاری، قابض فوجیوں کے ہاتھوں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

اے پی پی  بدھ 27 اگست 2014
کشمیر پاک بھارت سرحدی تنازعہ نہیں، میرواعظ، پاکستان اور بھارت مسائل مذاکرات سے حل کریں، مذاکرات منسوخی پر بان کی مون کا ردعمل۔  فوٹو: اے ایف پی/فائل

کشمیر پاک بھارت سرحدی تنازعہ نہیں، میرواعظ، پاکستان اور بھارت مسائل مذاکرات سے حل کریں، مذاکرات منسوخی پر بان کی مون کا ردعمل۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

مقبوضہ کشمیر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کے تازہ مظاہرے میں ضلع کپواڑہ میں مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے جبکہ میرواعظ عمرفاروق نے دہرایا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاک بھارت سرحدی تنازعہ نہیں، لاکھوں کشمیریوں کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔

ادھر حریت رہنما علی گیلانی نے جنوبی کشمیرمیں مسلسل چھاپوں اورگرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ضلع کپواڑہ میں فوجیوں نے 2 نوجوانوں کو کیرن اور کلاروس میںجاری تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ ضلع کے علاقے لولاب میں مجاہدین اوربھارتی فوجیوں کے درمیان شدیدجھڑپ میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمرفاروق نے آج اسلام آبادکے ٹاؤن ہال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دہرایاکہ مسئلہ کشمیر پاکستان اوربھارت کے درمیان کوئی سرحدی تنازعہ نہیں بلکہ لاکھوں کشمیریوں کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔

انھوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ حقیقت پسندانہ سوچ اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلے کے حل کیلیے اقدام کرے۔ بزرگ حریت رہنما سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں ایک بیان میں جنوبی کشمیرمیں تحریک حریت کے رہنما کے گھرپر مسلسل چھاپوں اور شہریوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر نظربندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں اور قابض انتظامیہ کیخلاف مسلح کارروائیوں کا بدلہ نہتے شہریوں سے لینا ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما سید بشیر اندرابی نے پلوامہ میں تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے بارے میںاپنی ہٹ دھرمی کی پالیسی ترک کرے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے ایک بیان میں پاکستان اور بھارت سے کہا ہے کہ وہ اپنے تمام مسائل پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔ ان کا یہ بیان بھارت کی طرف سے پاکستان کے ساتھ خارجہ سیکریٹری سطح کے مذاکرات کے منسوخی کے تناظر میں سامنے آیا۔

ادھر مقبوضہ کشمیرکی اسمبلی نے متفقہ طورپرغزہ پراسرائیلی جارحیت کے دوران نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ہے۔ دریں اثنا جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے 2010 میں عوامی احتجاج کے دوران شہید ہونے والے صورہ سرینگر کے عمر قیوم کی برسی پر انھیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ شہید کی برسی کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے ایک وفد نے شرکت کی اور شہید کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔