داعش کا مغوی امریکی خاتون کی رہائی کے بدلے66 لاکھ ڈالر اورعافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ

ویب ڈیسک  بدھ 27 اگست 2014
داعش نے چند روز قبل ہی امریکی صحافی جیمز فولی کے قتل کی ویڈیو جاری کی تھی. فوٹو: فائل

داعش نے چند روز قبل ہی امریکی صحافی جیمز فولی کے قتل کی ویڈیو جاری کی تھی. فوٹو: فائل

دمشق: عراق اور شام میں حکومت کے خلاف بر سر پیکار  تنظیم دولت اسلامی عراق و شام (داعش) نے ایک سال قبل شام سے اغوا کی گئی امریکی خاتون کی رہائی کے بدلے 66 لاکھ امریکی ڈالر اور عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق داعش نے ایک سال قبل شام میں فلاحی کاموں میں مصروف 26 سالہ امریکی خاتون کی رہائی کے بدلے 66 لاکھ امریکی ڈالر اور امریکا کی قید میں موجود عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب عافیہ صدیقی کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کی بیٹی عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے کی جانے والی ہر کوشش کو سراہتے ہیں لیکن ہمارا داعش سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی ہمارا ان کے ساتھ کوئی رابطہ ہے۔ ہم یہ چاہتے ہیں کہ کسی کی بھی بیٹی کو اس قسم کی تکالیف برداشت نہ کرنی پڑیں جن کا سامنا عافیہ نے کیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ داعش 4 مغوی امریکی شہریوں میں سے ایک کو قتل کر چکا ہے جب کہ 3 تاحال اس کے قبضے میں ہیں۔ داعش نے چند روز قبل ہی امریکی صحافی جیمز فولی کی قتل کی ویڈیو جاری کی تھی جس میں ایک اور امریکی شہری اسٹیون سوٹ لود بھی نظر آ رہا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔