حالات سے گھبرانے والا نہیں اور نہ ہی کبھی آئین پر آنچ آنے دوں گا، وزیر اعظم

ویب ڈیسک  بدھ 27 اگست 2014
سیاسی ہلچل نے اقتصادی ترقی کے سفر کو متاثر کیا،وزیراعظم فوٹو: اے ایف پی

سیاسی ہلچل نے اقتصادی ترقی کے سفر کو متاثر کیا،وزیراعظم فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ حالات سے گھبرانے والے نہیں، انہوں نے آئین کی بالادستی کا حلف اٹھایا ہے اور اس پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ ایوان 20 کروڑ عوام کی آواز ہے، حکومتیں اور وزیراعظم آتے جاتے رہتے ہیں لیکن جس طرح سے پارلیمانی جماعتوں نے آئین کی بالادستی کے لئے قراداد کی حمایت کی اس پر وہ دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں، پارلیمنٹ کی قرارداد فرد کی نہیں نظام کی فتح ہے۔  انہوں نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے، وہ اس حلف پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے، وہ پورے عزم سے کہتے ہیں کہ پاکستان میں آئین کی بالادستی اور جمہوریت کا سفر جاری رہے گا۔ پاکستان میں جمہوریت کی شمیں جلتی رہیں گی۔ اس کے علاوہ ترقی کا سفر بھی مزید تیز رفتاری سے جاری رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2008 کے انتخابات میں ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے لیکن ہم نے پوری محنت سے انتخابی مہم چلائی اور اس کے نتائج کو بھی کھلے دل سے قبول کیا لیکن ہم نے کسی دھاندلی کا رونا نہیں رویا۔ ہم نے پورے خلوص کے ساتھ پیپلز پارٹی کی حمایت کی اور اس نظام کو آگے بڑھانے کی پوری کوشش کی۔ جس کے بعد 2013 کے انتخابات ہوئے۔ جب وہ عمران خان کے پاس ان کی عیادت کے لئے گئے تو انہوں نے مبارکباد دی اور ہمارے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ہماری بھی یہی خواہش تھی کہ ہم مل کر آگے چلیں۔ وہ بھی سمجھتے ہیں کہ ہماری غلطیوں کی نشاندہی اور احتساب ہونا چاہیئے۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کی جس میں دونوں نے ایک دوسرے کی مثبت باتوں کو اچھے انداز میں دیکھا اور اصلاحات پر اتفاق کیا۔اس سلسلے میں ایک کمیٹی بن گئی ہے جس میں ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔

وزیر اعظم نوازشریف نے مزید کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر چل نکلا تھا، ابھی اس سفر کا آغاز ہی ہوا تھا لیکن موجودہ سیاسی ہلچل کی وجہ سے کراچی اسٹاک ایکسچینج میں گراوٹ دیکھی جارہی ہے، حالیہ دنوں میں کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ملک میں سڑکوں کی تعمیر، پینے کا صاف پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی سب کی خواہش ہے لیکن یہ سب کچھ کم وقت میں ممکن نہیں۔ سیاسی خلل کی وجہ سے ملک میں ترقی کے سفر میں خلل پڑ گیا ہے لیکن وہ گھبرانے والے نہیں کیونکہ ان پر اس بھی مشکل وقت آیا ہے لیکن انہوں نے کبھی اس کا ذکر نہیں کیا۔ موجودہ سیاسی خلل کے بعد ایک مرتبہ پھر ملک میں زیادہ تیزی سے ترقی کا سفر شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ  موجودہ سیاسی خلل پر وہ بات کرنا چاہتے ہیں لیکن جب یہ معاملہ ختم ہوگا تو اس پر ضرور بات کریں گے اور اس سارے خلل کی وجوہات اور اس کے محرکات پر بحث بھی ہونی چاہیئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔