ایئرانڈیا کی ویب سائٹ 100 روپے ٹکٹ آفرکا بوجھ نہ سنبھال سکی

ویب ڈیسک  بدھ 27 اگست 2014
ایئر انڈیا کی 100 روپے میں ٹکٹ آفر کے بعد لوگوں کے غیر معمولی رش کے باعث ویب سائٹ کریش کرگئی۔ فوٹو فائل

ایئر انڈیا کی 100 روپے میں ٹکٹ آفر کے بعد لوگوں کے غیر معمولی رش کے باعث ویب سائٹ کریش کرگئی۔ فوٹو فائل

نئی دلی: بھارتی فضائی کمپنی  نے ’’ایئر انڈیا ڈے‘‘ کے موقع پر بڑے جوش سے اعلان تو کردیا کہ وہ 5 دن تک اپنے ٹکٹ کی قیمت کر رہی ہے 100 روپے لیکن اس اعلان کے پہلے ہی دن ہزاروں لوگ ایئر انڈیا کی ویب سائٹ پر ٹوٹ پڑے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ویب سائٹ ہی کریش ہو گئی۔

ایئر انڈیا نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ وہ ایئر انڈ یا ڈے  کے موقع پر اپنے مسافروں کو آئندہ 5 روز تک بھارت بھر کے لیے 100 روپے کا ٹکٹ اپنی ویب سائٹ کے ذریعے فروخت کرے گی، جس کے بعد ان ٹکٹوں کے حصول کے لیے لوگ ایئر انڈیا کی ویب سائٹ امڈ پڑے  لیکن جلد ہی ویب سائٹ یہ بوجھ نہ سنبھال سکی اورکریش ہوگئی۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ جب وہ سائٹ کھولنےکے لیے لاگ آن کرتے ہیں تو سروس دستیاب نہیں کا پیغام ان کا منہ چڑ ھاتا نظر آتا ہے، کچھ ٹکٹ خریدنے کی خواہش کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ٹکٹ خریدنا تو دور کی بات ویب سائٹ لوڈ ہی نہیں ہو رہی۔

واضح رہے کہ 27 اگست 2007 میں ایئر انڈیا  اور انڈین ایئر لائن کا انضمام ہوگیا تھا اور پہلی بار اس روز کو ’’ایئر انڈیا ڈے‘‘ کے طور پر منایا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔