برطانیہ کو ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل ایکسپورٹ ترجیح ہے، خرم دستگیر

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 28 اگست 2014
باہمی تجارت3ارب ڈالر تک بڑھائیں گے، برطانیہ کے لیے نامزد ہائی کمشنر سے ملاقات۔ فوٹو: این این آئی/فائل

باہمی تجارت3ارب ڈالر تک بڑھائیں گے، برطانیہ کے لیے نامزد ہائی کمشنر سے ملاقات۔ فوٹو: این این آئی/فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارت میں اضافے کیلیے ہائی گروتھ سیکٹرتلاش کر رہے ہیں، برطانیہ کو ٹیکسٹائل کی ویلیو ایڈڈ برآمدات میں اضافہ وزارت تجارت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

برطانیہ سے جدید ٹیکنیکل سروسز اور کنسلٹنسی کی درآمدات میں دلچسپی رکھتے ہیں، اس وقت تجارتی توازن پاکستان کے حق میں ہے، پاک برطانیہ مجموعی تجارت کو 3ارب ڈالر تک بڑھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہا روفاقی وزیر تجارت نے برطانیہ کے لیے نامزد پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس سے ملاقات کے دوران کیا، ابن عباس ستمبر کے پہلے ہفتے میں لندن میں اپنی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ برطانیہ کے ساتھ تجارت میں اضافے کے لیے نئی تجارتی تراکیب استعمال کی جائیں، برطانیہ میں متعدد عشروں سے پاکستانی مقیم ہیں ان کو اعتماد میں لے کر پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ برطانیہ کے فنانشل سیکٹر میں پاکستانی کمپنیوں کی رسائی محدودہے، اس میں اضافے کے لیے کمپنیوں کو ترغیب دی جائے، ان کی راہ میں حائل مشکلات کو دور کرنے کے لیے وزارت تجارت ہرممکن طور پر تعاون کرے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق پاکستان کی تجارت کو دگنا کرنے کے لیے تجارتی مصنوعات میں تنوع لا رہے ہیں، وزارت تجارت کوشاں ہے کہ پاکستان دنیا کی فنانشل منڈیوں اور عالمی سپلائی چین کا حصہ بنے۔ اس موقع پر برطانیہ میں نامزد ہائی کمشنر سید ابن عباس نے کہا کہ پاک برطانیہ تجارت میں اضافہ کرنا پہلی ترجیح ہے، برطانوی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔