فیروز آباد، تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے سے خاتون ہلاک، 5 افراد زخمی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 28 اگست 2014
شیر شاہ میں چھت سے گر کر نواب ہلاک،ناظم آباد میں حادثے میں جاں بحق خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی، پولیس۔ فوٹو: فائل

شیر شاہ میں چھت سے گر کر نواب ہلاک،ناظم آباد میں حادثے میں جاں بحق خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی، پولیس۔ فوٹو: فائل

کراچی: مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات و واقعات میں 5 سالہ بچی اور3 خواتین سمیت6 افراد ہلاک اور خواتین سمیت 11افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق خالد بن ولید روڈ لبرٹی چوک سگنل کے قریب تیزرفتار سفاری کوچ سامنے سے آنے والی کار کو بچاتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی کوچ میں سوار ایک خاتون ہلاک اور 5 افراد زخمی ہو گئے ، فلاحی اداروں کی ایمبولینسوں نے ہلاک و زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال منتقل کیا ، پولیس کے مطابق 45سالہ خاتون کوچ میں دروازے کے قریب بیٹھی تھی کوچ الٹتے ہی اس کا سر دروازے سے نکل کر سڑک پر لگا اور سر کچل جانے سے ان کی موت واقع ہوگئی۔

زخمیوں میں 35سالہ نیاز، 30 سالہ اعجاز، 25 سالہ راشد، 35 سالہ شمیم زوجہ انصر اور 32 سالہ صفیہ زوجہ مصطفی شامل ہیں ، ناظم آباد نمبر ایک کے قریب منگل اور بدھ کی درمیانی شب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 35سالہ خاتون شدید زخمی ہو گئی جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئی ، پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت نہیں ہوسکی، ناگن چورنگی پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے55سالہ نامعلوم خاتون ہلاک ہوگئی۔

سائٹ کے علاقے ضیا موڑ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 5 سالہ تمنا ہلاک جبکہ اس کے والد محمد حسین زخمی ہو گئے ، شارع نور جہاں کے علاقے نصرت بھٹو کالونی پہاڑ گنج کے رہائشی35سالہ محبوب مسیح ولد صادق مسیح نے پر اسرار طور پر زہریلی شے کھا لی جس کے باعث اسے بے ہوشی کی حالت میں عباسی شہید اسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران جانبر نہ ہو سکا ، عباسی شہید اسپتال کے ایم ایل او نے بتایا کہ متوفی کے اہل خانہ نے بتایا تھا کہ محبوب نے گھر میں زہریلی شے کھالی تھی جس کے باعث اس کی حالت بگڑ گئی تھی، ایم ایل او نے مزید بتایا کہ متوفی کے ورثا نے پولیس کارروائی کرانے سے انکار کردیا اور لاش کو اپنے ہمراہ لے گئے۔

سائٹ بی کے علاقے شیرشاہ گلبائی کانٹا کے قریب کا رہائشی26سالہ نواب گھر کی چھت سے گر کر شدید زخمی ہو گیا جس کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ دیا،کورنگی بلال کالونی میں گھر کی چھت سے گر کر26 سالہ اصغر علی ولد علی حسن زخمی ہو گیا، نارتھ کراچی صنوبر کاٹیج کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے35 سالہ محمد جینل،سیمنز چورنگی کے قریب گاڑی کی ٹکر سے35سالہ ثریا،گولیمار میں گاڑی کی ٹکر سے35سالہ ممتاز اورملیر چھوٹا گیٹ کے قریب گاڑی کی ٹکر سے10سالہ علی زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔