یو ایس اوپن، ’’بچوں‘‘ نے بڑوں کے ہوش اُڑادیے

اے ایف پی  جمعرات 28 اگست 2014
سال کی 50 ویں فتح پانے والے فیڈرر اور سرینا ولیمز کی دوسرے راؤنڈ میں رسائی، اگنسیکا ریڈوانسکا حیران کن طور پر ناکام۔ فوٹو: فائل

سال کی 50 ویں فتح پانے والے فیڈرر اور سرینا ولیمز کی دوسرے راؤنڈ میں رسائی، اگنسیکا ریڈوانسکا حیران کن طور پر ناکام۔ فوٹو: فائل

نیویارک: یو ایس اوپن میں ’بچوں‘ نے بڑوں کے ہوش اڑا دیے، 15 سال کی سی سی بیلس نے 12 سیڈ ڈومنیکا سبلکووا کو اپ سیٹ شکست دیدی۔

کروشیا کے 17 سالہ بورس کورک نے لوکاس روسول کی ایک نہ چلنے دی، پانچ مرتبہ کے چیمپئنز راجر فیڈرر اور سرینا ولیمز دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے، اگنسیکا ریڈوانسکا بھی حیران کن ناکامی کا شکار ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق یو ایس اوپن میں گذشتہ روز نوجوان کھلاڑی ہیڈ لائنز کا حصہ بننے میں کامیاب رہے، امریکا کی 15 سالہ سی سی بیلس نے سبلکووا کو 6-1، 4-6 اور 6-4 سے شکست دی۔

وہ 1996 میں اینا کورنیکووا کے بعد یو ایس اوپن کا کوئی میچ جیتنے والی کم ترین کھلاڑی بن گئیں، البتہ انھیں دوسرے راؤنڈ میں رسائی پر60 ہزار 420 ڈالر کا خصوصی انعام نہیں ملے گا، اس کی وجہ تعلیم کیلیے امیچر کھلاڑی کے آپشن اپنانا بنی، ان کا اصل نام کیتھرین کارٹین بیلس ہے تاہم وہ اپنے ابتدائی اور درمیانی نام کے بجائے سی سی استعمال کرتی ہیں۔

مینز ایونٹ میں کروشیاکے 17 سالہ بورنا کورک نے بھی اپنی صلاحیتوں سے کافی متاثر کیا، انھوں نے 29 سیڈ جمہوریہ چیک کے لوکاس روسول کو 6-4، 6-1 اور 6-2 سے زیر کرلیا، ان کا دوسرے رائونڈ میں ڈومنیکا کے وکٹر ایسٹریلیا سے مقابلہ ہوگا جنھوں نے 34 برس کی عمر میں یو ایس اوپن ڈیبیو کرکے نئی تاریخ رقم کی ہے۔

جہاں ایک طرف یو ایس اوپن میں بچوں نے دھوم مچائی وہیں پہلے رائونڈ میں بڑے بھی پیچھے نہیں رہے، پانچ، پانچ مرتبہ ٹائٹلز جیتنے والے روجر فیڈرر اور سرینا ولیمز دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے، فیڈرر اپنے کیریئر کا مسلسل 60 واں گرینڈ سلم ایونٹ کھیل رہے ہیں، وہ 17 مرتبہ بڑے اعزازات جیت چکے جبکہ یہ انکی رواں برس میں 50 ویں میچ فتح تھی، انھوں نے آسٹریلیا کے مارنکو موٹوسیوک کو زیر کیا۔

پہلے رائونڈ کے دیگر مینز مقابلوں میں امریکی سام کیورے، جان اسنر، اسپین کے گلرمو گارشیا لوپیز، جرمن جان لینارڈ اسٹرف، جاپانی کائی نیشکوری، اسپینش پابلو اندوجر، ڈیوڈ فیرر، فرنچ جائلز سیمون، گیل مونفلز، ایڈرین مانارینو،رچرڈ گیسکوئٹ، ارجنٹائن کے فیڈریکو ڈیل بونس، کولمبیا کے الیجاندرو گونزالیز، اطالوی پائولو لورینزی اور فابیو فوگنینی بھی دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے۔ ویمنز نمبر ون سرینا نے 18 سالہ ہموطن ٹیلر ٹاؤنسینڈ کو صرف 55 منٹ میں مات دی۔ پولینڈ کی اگنسیکا ریڈوانسکا کو چینی حریف پین شوئی نے حیران کن طور پر 6-3، 6-4 سے شکست دے دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔