قیادت میں تبدیلی کرنی ہے تو ابھی کر لیں ، شعیب ملک کا بورڈ کو مشورہ

اسپورٹس ڈیسک / اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 29 اگست 2014
شاہد آفریدی اپنا آخری ورلڈکپ کھیل رہے ہیں جسے یادگار بنانے کیلیے یقیناً جان لڑا دیں گے، آل راؤنڈر ۔ فوٹو: پی سی بی/فائل

شاہد آفریدی اپنا آخری ورلڈکپ کھیل رہے ہیں جسے یادگار بنانے کیلیے یقیناً جان لڑا دیں گے، آل راؤنڈر ۔ فوٹو: پی سی بی/فائل

کراچی: آل راؤنڈر شعیب ملک نے پی سی بی کو مشورہ دیاکہ قیادت میں تبدیلی کرنی ہے تو ابھی کر لیں، ورلڈکپ سے قبل ایسے فیصلے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

ان کے مطابق 40 سال کی عمر میں مصباح الحق اپنی بقا کیلیے کھیل رہے ہیں، اگر تبدیلی ضروری ہے تو شاہد آفریدی کو ذمہ داری سونپ دینی چاہیے۔ شعیب ملک نے کہا کہ مصباح الحق عمر کی 40 بہاریں دیکھ چکے، وہ کسی کھلاڑی کیلیے آواز نہیں اٹھا سکتے کیونکہ انھیں بخوبی علم ہے کہ ایک سیریز میں ناکامی پر خود انھیں ٹیم سے نکال دیا جائے گا،ایک بار ایسا ہوا تو وہ دوبارہ واپس نہیں آ سکیں گے، آل راؤنڈر نے کہا کہ بورڈ اگر قیادت میں تبدیلی چاہتا ہے تو اس کیلیے یہی وقت مناسب ہوگا، ورلڈکپ سے ایک سیریز قبل ایسے اقدام کا کوئی فائدہ نہیں ہو سکتا،  شعیب ملک نے کہا کہ اگر تبدیلی کی گئی تو پھر شاہد آفریدی کو ذمہ داری سونپنا مناسب رہے گا، وہ اپنا آخری ورلڈکپ کھیل رہے ہیں، جسے یادگار بنانے کیلیے یقیناً جان لڑا دیں گے۔

ایک سوال پر سابق قائد نے کہا کہ اگر مجھے میگا ایونٹ کے بعد قیادت سنبھالنے کی پیشکش ہوئی  تو قبول کر لوں گا،میری کوشش ہو گی کہ نئے کھلاڑیوں کو گروم کروں اور جب یہ سمجھا کہ وہ ٹیم میں سیٹ ہو گئے تو خود کھیل سے کنارہ کشی اختیار کر لوں گا، انھوں نے کہا کہ فی الحال میں پاکستان کیلیے کھیلنے کی صورت میں لطف اندوز نہیں ہوتا، مجھے علم نہیں ہوتا کہ کھلایا جائے گا یا نہیں، بیٹنگ آرڈر کا بھی کوئی علم نہیں ہوتا۔

شعیب ملک نے کہا کہ ورلڈکپ میں پاکستانی کامیابی  کا انحصار بیٹسمینوں کی کارکردگی پر ہوگا، اگر انھوں  نے  ذمہ داری  اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کیا تو اچھے نتائج کی توقع کی جا سکتی ہے۔ پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ابتدائی دونوں میچز میں اسپنر سعید اجمل کی عدم موجودگی نقصان دہ ثابت ہوئی، اگر وہ تیسرا میچ کھیلے تو ٹیم مضبوط ہو جائے گی، طویل القامت فاسٹ بولر عرفان سے بھی توقعات وابستہ کی جا سکتی ہیں جبکہ کوئی دوسرا بولر متاثر کرنے کی اہلیت نہیں رکھتا، شعیب ملک نے کہا کہ  اگر کپتان مصباح الحق نے اس میچ میں  مثبت اور جارحانہ انداز اپنایا تو پاکستان سیریز اپنے نام کر سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔