یو ایس اوپن، اینا ایوانووک کے قدم بھی اکھڑ گئے

اے ایف پی  جمعـء 29 اگست 2014
ماریا شراپووا گرتی پڑتی تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں،میزبان مینز پلیئرز کی مایوس کن پرفارمنس کا سلسلہ جاری رہا ۔  فوٹو : اے ایف پی

ماریا شراپووا گرتی پڑتی تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں،میزبان مینز پلیئرز کی مایوس کن پرفارمنس کا سلسلہ جاری رہا ۔ فوٹو : اے ایف پی

نیویارک: یوایس اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں اینا ایوانووک کے قدم بھی اکھڑ گئے۔

جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا نے سابق نمبر ون کو پچھاڑ کراپ سیٹ کردیا، روسی اسٹار ماریا شراپووا گرتی پڑتی تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں، وینس ولیمز بھی چار برس میں پہلی مرتبہ دوسرا راؤنڈ عبور کرنے میں کامیاب رہیں، میزبان مینز پلیئرز کی مایوس کن پرفارمنس کا سلسلہ جاری ہے، 12 میں سے صرف تین کھلاڑی ہی دوسرے راؤنڈ میں پہنچ پائے۔ تفصیلات کے مطابق یوایس اوپن کا دوسرا بڑا اپ سیٹ گذشتہ روز ہوا جب جمہوریہ چیک کی 42 رینکڈ کیرولینا نے سربیا کی 8 سیڈ اینا ایوانووک کو 7-5 اور 6-4 سے مات دے دی، وہ ٹاپ 10 سیڈ میں شامل دوسری پلیئر ہیں جو ایونٹ سے باہرہوئیں۔

ان سے قبل چین کی ان سیڈڈ پلیئر پینگ شوئی نے 4 سیڈ پولینڈ کی اگنیسکا ریڈوانسکا کو مات دی تھی، روس کی  ماریا شراپووا نے طویل اور مشکل ترین مقابلے کے بعد 95 رینکڈ رومانیہ کی الیکسینڈرا ڈلگیرو کو 4-6، 6-3 اور 6-2 سے شکست دی، پہلے سیٹ میں خسارے میں جانے کے باوجود انھوں نے شاندار کم بیک کیا، مقابلہ 2گھنٹے اور 26 منٹ تک جاری رہا، جب میچ شروع ہوا تو تیز دھوپ مگر جب اختتام ہوا تو فلڈ لائٹس روشن تھیں۔وکٹوریہ آذرنیکا نے امریکا کی کرسٹینی میک ہیل کو مات دی۔ وینس ولیمز نے ٹیمیا بیکسنزکی کو 6-1 اور 6-4 سے ہرایا، اس سے قبل گذشتہ تین یوایس اوپن ٹورنامنٹس میں وہ دوسرے راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ پائی تھیں۔

ورلڈ نمبر 2 سیمونا ہالیپ نے ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں سلواکیہ کی جانا سپیلووا کو 6-2 اور 6-1 سے قابوکر کے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی، جرمن6 سیڈ انجلیک کیربیر نے روس کی ایلا کوڈریاوٹسیوا کو 6-2 اور 6-4 سے مات دی، سوئٹزرلینڈ کی بیلنڈا بینکک نے جاپانی31 سیڈ کرومی نارا کو 6-4، 4-6 اور6-1 سے زیر کیا۔ مینزسنگلز میں امریکا کے صرف تین پلیئرز جان اسنر، سام کیورے اور وائلڈ کارڈ ٹم سمیزیک دوسرے راؤنڈ میں پہنچے، سوئس پلیئر اسٹین واورنیکا، جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈچ، کروشین مارن کلک اور جنوبی افریقی کیون اینڈرسن نے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔