سپر ہائی وے کی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد شروع

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 29 اگست 2014
سپرہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں قربانی کے جانور فروخت کے لیے لانے کا سلسلہ شروع ہوگیا، جانوروں سے بھرا پہلا ٹرک کشمور سے لایا گیا۔   فوٹو : ایکسپریس

سپرہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں قربانی کے جانور فروخت کے لیے لانے کا سلسلہ شروع ہوگیا، جانوروں سے بھرا پہلا ٹرک کشمور سے لایا گیا۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی: عیدالاضحیٰ کی آمد کے موقع پر سپر ہائی وے پر قائم کی جانے والی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے پر قربانی کے جانوروں کے لیے قائم کی جانے والی مویشی منڈی میں کشمور کا بیوپاری 42 گائے اور بیل لیکر پہنچ گیا جس کے بعد مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ، مویشی منڈی کے ایڈمنسٹریٹر رانا عمران نے بتایا کہ (آج) جمعے کو اسٹیشن ہیڈ کوارٹر ملیر میں ایک میٹنگ ہے جس کے بعد وی آئی پی بلاکس کی بکنگ کا آغاز کر دیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ بلاک 1 ، 2 ، 4 اور 6 کو وی آئی پی بلاک کے لیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ فرنٹ لائن پر دیے جانے والے وی آئی پی بلاک جس کا سائز 36X120 رکھا گیا ہے اس کی قیمت ایک لاکھ 20 ہزار مقرر کی گئی ہے جس کی رقم بذریعہ پے آرڈر ادا کی جائے گی ۔

انھوں نے بتایا کہ وی آئی پی بلاکس کی بکنگ پر بہت رش ہے تاہم پہلے آئیے اور پہلے پائیے کے بنیاد پر پلاٹ الاٹ کیے جائیں گے ، رانا عمران کا کہنا تھا کہ اس سال جانوروں کی مویشی منڈی میں داخلہ فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے، گزشتہ سال کی طرح بڑے جانور (گائے و بیل) کی داخلہ فیس ایک ہزار جبکہ چھوٹے جانور(بکرے) کی فیس 600 روپے رکھی گئی ہے۔

مویشی منڈی میں چینا نامی شخص کی جانب سے جگہ فروخت کرنے کی اطلاعات پر رانا عمران نے بتایا کہ چینا اور اس کے ساتھیوں کو پہلے سے ہی مویشی منڈی سے بے دخل کیا ہوا ہے اور منڈی میں دکھائی دینے پر اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، واضح رہے کہ چینا نامی شخص دو سال قبل مویشی منڈی میں بیوپاریوں کو زمین دلانے کے بہانے لاکھوں روپے بٹورے کر فرار ہوگیا تھا جس پر بیوپاریوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔