آرمی چیف سے وزیراعظم نے سہولت کار کا کردار ادا کرنے کیلئے کہا تھا، ترجمان پاک فوج

ویب ڈیسک  جمعـء 29 اگست 2014

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج نے موجودہ سیاسی بحران میں آرمی چیف کو کا کردار ادا کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے کی گئی درخواست کی تصدیق کردی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے موجودہ سیاسی بحران پر آرمی چیف کے ثالثی سے متعلق کردار پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ملاقات میں حکومت کی جانب سے موجودہ سیاسی بحران کے حل میں پاک فوج کے سربراہ سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس کےبعد آرمی چیف نے فریقین کےدرمیان سہولت کار کا کردار ادا کیا۔

دوسری جانب حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ ترجمان پاک فوج کے بیان سے قومی اسمبلی میں وزیر داخلہ چوہدری نثار کے بیان کی تائید ہوگئی ہے جس کے بعد فوج کا کردار متنازعہ بنانے کی کوشش نہ کی جائے۔

واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی میں وزیراعظم نوازشریف نے آرمی چیف سے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ثالثی عمران خان اور طاہرالقادری کی خواہش پر حاصل کی گئی تھی جبکہ طاہرالقادری اور عمران خان بھی اپنی جانب سے آرمی چیف کو ثالث بنانے سے متعلق بیان کی تردید کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔