یو ایس اوپن میں جوکووچ نے ٹائٹل کی راہ میں دوسری دیوار گرا دی

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 30 اگست 2014
گرینڈ سلم میں لگاتار25ویں مرتبہ تیسرے مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب، مرے بھی جیت گئے،ویمنز میں یوگینی بوچارڈ کی فتح ۔  فوٹو : اے ایف پی

گرینڈ سلم میں لگاتار25ویں مرتبہ تیسرے مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب، مرے بھی جیت گئے،ویمنز میں یوگینی بوچارڈ کی فتح ۔ فوٹو : اے ایف پی

نیویارک: سربیا کے عالمی نمبرون نوواک جوکووچ نے ٹائٹل کی راہ میں دوسری دیوار گرا دی، وہ گرینڈ سلم ایونٹس میں لگاتار 25ویں مرتبہ تیسرے مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

اینڈی مرے، میلوس راؤنک اور گیل مونفلز نے بھی فتح حاصل کر لی، ویمنز سنگلز میں یوگینی بوچارڈ، وکٹوریا آذرنیکا، پینگ شوئی اور جیلینا جینکووچ نے بھی فتوحات کا سفر جاری رکھا۔ تفصیلات کے مطابق سربیا کے عالمی نمبرون نوواک جوکووچ نے یوایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی، وہ گرینڈ سلم ایونٹس میں لگاتار 25 ویں مرتبہ اس مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، ٹاپ سیڈ جوکووچ نے فرانس کے پال ہنری میتھیو کو6-1 ، 6-3 اور6-0 سے ٹھکانے لگایا، 8 سیڈ اینڈی مرے نے جرمن کوالیفائر میتھائس بیخانگر کو باآسانی 6-3 ،6-3 اور6-4 سے قابو کرلیا، 5 سیڈ کینیڈا کے میلوس راؤنک نے دوسرے جرمن پلیئر پیٹر گوجووزینک کو 7-6(7/4)، 5-7، 6-4 اور7-6(7/3) سے مات دے کر دوسری رکاوٹ عبور کرلی۔

فرانس کے گیل مونفلز نے الیجاندرو گونزالز کو 7-5، 6-3 اور 6-2 سے پچھاڑ دیا۔ ویمنز سنگلز میں سمانتھا اسٹوسر نے اسٹونیا کی کائیا کنیپی کو3-6، 6-3 اور7-6(10/8) سے مات دے دی، جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹوا نے ہموطن پیٹرا سیٹکووا پر6-4 اور 6-2 سے غلبہ پایا، کینیڈا کی یوگینی بوچارڈ نے رومانیہ کی سورانا کرسٹیا کو 6-2، 6-7(4/7) اور6-4 سے ہرا دیا، 15 سالہ امریکی پلیئر سیسی بیلیز نے قازقستان کی زرینہ ڈیاس کو 6-3، 0-6، 6-2 اور چین کی پینگ شوئی نے اطالوی حریف روبریٹا ونسی کو6-4 اور6-3 سے قابو کیا، جیلینا جینکووچ نے سوئیڈش حریف جوہانا لارسن کو 6-1 اور 6-0 سے مات دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔