’ایپٹیک وژن‘ کے دوران پاکستان میں آئی ٹی سٹی بنانے پر زور

بزنس رپورٹر  اتوار 31 اگست 2014
کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر عبداللہ ذکی مقامی ہوٹل میں ایپٹیک وژن 2014 سافٹ ویئر نمائش کے افتتاح کے بعد اسٹالز کا دورہ کر رہے ہیں، اس موقع پر ایپٹیک کے کنٹری ہیڈ اقبال یوسف اور دیگر بھی موجود ہیں۔   فوٹو : محمد ثاقب/ ایکسپریس

کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر عبداللہ ذکی مقامی ہوٹل میں ایپٹیک وژن 2014 سافٹ ویئر نمائش کے افتتاح کے بعد اسٹالز کا دورہ کر رہے ہیں، اس موقع پر ایپٹیک کے کنٹری ہیڈ اقبال یوسف اور دیگر بھی موجود ہیں۔ فوٹو : محمد ثاقب/ ایکسپریس

کراچی: پاکستان میں بھی پڑوسی ملک کے طرز پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تیز رفتار ترقی کے لیے ’’آئی ٹی سٹی‘‘ متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔

ملک اور بیرون ملک تیزرفتارکاروباری سرگرمیاں صرف اور صرف کمپیوٹر سافٹ ویئر ٹیکنالوجی کی مرہون منت ہے۔ یہ بات کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبداللہ ذکی نے ہفتہ کو ایک روزہ ’’ایپٹیک وژن 2014 ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پرایپٹیک کمپیوٹر ایجوکیشن کے کنٹری ہیڈ اقبال یوسف شیخ، کنٹری منیجر جاوید اقبال اورایپٹیک پاکستان کے مارکیٹنگ منیجر تابش فریدی نے بھی خطاب کیا۔ عبداللہ ذکی نے اپنے خطاب میں اپٹیک کو کراچی چیمبر کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی پیشکش کی۔ ایپٹیک کے کنٹری ہیڈ اقبال یوسف شیخ نے کہا کہ میگا ایونٹ کا مقصد ملک میں سافٹ ویئرٹیکنالوجی سے متعلق آگہی فراہم کرنا اور اس جانب لوگوں کو راغب کرنا ہے۔

اس میگاایونٹ میں جن 200 سافٹ ویئر پروجیکٹس کو ڈسپلے کیا گیا ہے وہ ایپٹیک کے ملک بھر میں 26 آپریشنل سینٹرز میں منظم پروسیس کے ذریعے جمع ہونے والے مجموعی طور پر 900 سے زائد پروجیکٹس کا نچوڑ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔