ویکسین اور فنڈز کی عدم فراہمی پرکراچی سمیت سندھ بھر میں پولیو مہم ملتوی

اسٹاف رپورٹر  اتوار 31 اگست 2014

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

کراچی: وفاقی حکومت کی جانب سے انسداد پولیو ویکسین کی عدم فراہمی کے باعث کراچی سمیت پورے صوبے  میں پیر سے شروع کی جانے والی انسداد پولیومہم ملتوی کردی گئی ہے جب کہ محکمہ صحت نے انسداد پولیو مہم کی نئی تاریخ کااعلان بھی نہیں کیا۔

وفاقی حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث کراچی سمیت صوبے میں یکم ستمبر سے شروع کی جانے والی سہ روزہ انسداد پولیومہم کے لیے ویکسین اورفنڈز جاری نہیں کیے جاسکے جس کے باعث صوبے بھر میں شروع کی جانے والی انسدادی مہم ملتوی کردی گئی ہے، محکمہ صحت کے افسر کے مطابق اسلام آباد میں غیر یقینی سیاسی صورتحال کی وجہ سے پولیو سمیت دیگر ویکسین کی ترسیل عملاً معطل ہے،لہٰذا سندھ میں پیر سے شروع کی جانے والی3 روزہ انسداد پولیومہم کے سلسلے میں ویکسین کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا جاسکا ہے، صورتحال بہتر ہونے کے بعد ہی ویکسین بھجوائی جاسکے گی۔

ای ڈی اوہیلتھ کراچی ڈاکٹر ظفر اعجاز نے بتایا ہے کہ ہر انسدادی مہم کے دوران کراچی کی42 یونین کونسلوں کے5 سال تک کی عمر کے6 لاکھ بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤکی حفاظتی خوراک درکار ہوتی ہے ، پولیو ویکسین کی عدم فراہمی پر پیر سے سہ روزہ انسدادی مہم شروع نہیں کی جاسکی ۔

ماہرین طب کے مطابق شہر کے کئی علاقوں کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوچکی ہے وائرس کسی بھی 5 سال کے بچے کو متاثر کرسکتا ہے ، امسال کراچی میں پولیو وائرس سے 10جبکہ سندھ میں11اور ملک بھر میں117 بچوں کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔